پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے شائقین کے لیے اچھی خبر ہے کہ پاکستان کرکٹ بوررڈ (پی سی بی) پنجاب حکومت کے درمیان اخراجات کے معاملات طے پا گئے ہیں۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تصدیق کی ہے کہ لاہور اور راولپنڈی میں میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے، یہ ایک اچھی خبر ہے۔
نجم سیٹھی نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے شکر گزار ہیں، وزیراعلیٰ محسن نقوی نے روٹ کی لائٹنگ کے اخراجات میں حصہ ڈالنے پر اتفاق کیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور پنجاب حکومت کے درمیان اخراجات کے معاملے پر اختلافات سامنے آئے تھے، پی سی بی نے پنجاب حکومت کو اخراجات کی ادائیگی سے صاف انکار کر دیا تھا جبکہ پنجاب حکومت نے بھی اخراجات کی ادائیگی سے معذرت کر لی تھی۔
معاملہ سنگین ہونے پر چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے پی سی بی کے پیٹرن ان چیف وزیراعظم شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس پر وزیراعظم نے انہیں ہر ممکن تعاون کی یقین دہائی کرائی تھی۔