لاس اینجلس(سپورٹس لنک رپورٹ)رومن رینز اس وقت ڈبلیو ڈبلیو ای کے مقبول ترین ریسلرز میں سے ایک ہے اور ریسل مینیا 34 میں وہ یونیورسل چیمپئن بروک لیسنر کا مقابلہ کرنے والے ہیں، مگر کمپنی نے انہیں اچانک ‘فارغ’ کرکے لوگوں کو حیران کردیا۔جی ہاں گزشتہ شب منڈے نائن را میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے چیئرمین ونس میکموہن نے رومن رینز کو معطل کردیا۔رومن رینز کی جانب سے ونس میکموہن نے گرما گرم بحث کو اس معطلی کی وجہ قرار دیا گیا۔گزشتہ شب ڈیٹرائٹ میں ہونے والے شو کے دوران رومن رینز نے پہلے جنرل منیجر کرٹ اینگل کے سیگمنٹ میں اس وقت مداخلت کی، جب انہوں نے بتایا کہ یونیورسل چیمپئن بروک لیسنر آج شب (پیر کی شب) شو میں نہیں آئیں گے، جس کی وجہ ٹرانسپورٹ کے مسائل ہے۔اس پر رومن رینز غصے میں رنگ میں آئے کیونکہ لگاتار کئی ہفتوں سے بروک لیسنر شو میں شرکت نہیں کررہے اور کہا کہ چیمپئن ‘ونس کے چہیتے’ ہیں اور چیئرمین نے کسی کو بتانا ضروری نہیں سمجھا کہ ریسلر آج بھی شو میں نہیں آرہے۔اس کے بعد مشتعل رومن رینز بیک اسٹیج میں گئے اور چیئرمین کے پاس پہنچ گئے، جہاں وہ شو کو مانیٹر کررہے تھے اور کہا کہ وہ ان سے بات کیوں نہیں کررہے، تاہم ونس میکموہن نے کہا کہ وہ اپنے دفتر میں ریسلر سے بات کریں گے۔کمرشل بریک کے بعد رومن رینز چیئرمین کے دفتر سے باہر نکلے اور وہاں موجود انٹرویو کے لیے کھڑی خاتون سے کچھ کہے بغیر چلے گئے۔اس کے بعد ونس میکموہن باہر آئے اور انہوں نے کہا کہ بروک لیسنر نے خود کو ثابت کرکے اس سطح پر پہنچادیا ہے جہاں وہ مخصوص مراعات کے حقدار بن چکے ہیں، چیمپئن اگلے ہفتے کے شو میں شرکت کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ بروک لیسنر ان کے چہیتے نہیں۔مگر اس موقع پر انہوں نے رومن رینز کو ‘عارضی طور پر معطل’ کرنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا۔مگر رومن رینز کی عارضی معطلی کی اصل وجہ درحقیقت کچھ اور ہے۔یہ کمپنی کی جانب سے چیمپئن شپ میچ کی تشہیر کے لیے ایک دلچسپ ٹوئیسٹ ہے تاکہ پرستاروں کے اندر رومن رینز کے لیے زیادہ ہمدردی پیدا کی جاسکے۔