پرتھ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستان کے خلاف آسٹریلیا کی بیٹنگ جاری ہے۔
پرتھ ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز آسٹریلیا نے پاکستان کے خلاف دوسری اننگ میں 2 وکٹ کے نقصان پر 84 رنز بنا کر 300 رنز کی برتری حاصل کر لی۔
تیسرے دن کے اختتام پر آسٹریلوی بیٹر اسٹیون اسمتھ 43 اور عثمان خواجہ 34 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
تیسرا روز: پرتھ کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں آسٹریلیا کی پہلی وکٹ صفر پر گر گئی، خرم شہزاد کی گیند پر ڈیوڈ وارنر کیچ آؤٹ ہو گئے، میزبان ٹیم کی دوسری وکٹ 5 رنز پرگری، لبوشین بھی 18 گیندوں پر 2 رنز بنا کرخرم شہزاد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
قبل ازیں دن کے آغاز پر پہلی اننگز میں پاکستان کی پوری ٹیم آسٹریلیا کے 487 رنز کے جواب میں 271 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی جس کے نتیجے میں پاکستان کو 216 رنز کے خسارے کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان ٹیم نے تیسرے روز اپنی نامکمل پہلی اننگ کا آغاز 2 وکٹ پر 132 رنز سے کیا، دن کے آغاز پر خرم شہزاد کو 7 رنز پر پیٹ کمنز نے بولڈ کیا، جب کہ بابر اعظم کو 21 رنز پر مچل مارش نے پویلین کی راہ دکھائی۔
امام الحق 62 رنز پر نیتھن لائن جبکہ سرفراز احمد محض 3 رنز بنا کر مچل اسٹارک کا شکار بنے، سعود شکیل کو 28 رنز پر جوش ہیزل ووڈ اور فہیم اشرف کو 9 رنز پر پیٹ کمنز نے پویلین چلتا کیا، عامر جمال کو 10 رنز پر نیتھن لائن نے آؤٹ کیا،شاہین شاہ آفریدی چار رنز پر ٹریوس ہیڈ کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
دوسرا روز: گزشتہ روز دوسرے دن کے اختتام پر امام الحق 38 اور خرم شہزاد 7 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔
ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن آسٹریلوی ٹیم کے 487 رنز پر آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی جانب سے پہلی اننگ کا آغاز امام الحق اور عبداللّٰہ شفیق نے کیا تھا۔
دونوں بیٹرز نے محتاط انداز اپناتے ہوئے ٹیم کا اسکور 36.2 اوورز میں 74 رنز تک پہنچایا جس کے بعد عبداللّٰہ شفیق 42 رنز پر اسپن بولر نیتھن لائن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 49.3 اوورز میں 123 رنز پر گری، کپتان شان مسعود 30 رنز بنا کر مچل اسٹارک کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
ٹیسٹ کا پہلا روز: میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
پرتھ ٹیسٹ کے پہلے روز آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے شاندار اور جارحانہ اننگ کھیلی، انہوں نے 211 گیندوں پر 164 رنز بنائے اور اس اننگ میں 4 چھکے اور 16چوکے شامل تھے۔
اس کے علاوہ عثمان خواجہ نے 41، مارنوس لبوشین 16، اسٹیو اسمتھ 31 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
پہلے روز پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے عامر جمال نے دو وکٹیں حاصل کیں، شاہین آفریدی،فہیم اشرف اور خرم شہزاد نے ایک ایک وکٹ لی۔