پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے جوئے کی کمپنیوں کے اشتہارات کی تشہیر پر نوٹس لے لیا۔
پاکستا اور آسٹریلیاکے پرتھ ٹیسٹ میں سرکاری اسپورٹس چینل پر جوئے کی کمپنی کے اشتہار نشر کیے گئے تھے۔
تاہم پابندی کے سبب سرکاری اسپورٹس چینل پر آج میلبرن ٹیسٹ کے پہلے دن کا کھیل نشر نہ ہوسکا۔
بعد ازاں پیمرا نے جوئے کی کمپنیوں کے اشتہارات کی تشہیر پر نوٹس جاری کردیا۔
پیمرا نوٹس میں کہا گیا ہے کہ جوئے کی کمپنیوں کے اشتہارات نشر کرنے پر قانونی کارروائی ہو گی، پیمرا بھی وزرات اطلاعات و نشریات کی زیرو ٹالرینس پالیسی کو تسلیم کرتا ہے۔
نوٹس کے مطابق کوئی چینل جوئے سے منسلک کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ نہیں کرے گا۔
پی ٹی وی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جوئے کے اشتہارات نشر ہونے پرحکومت کی زیروٹالرنس پالیسی تسلیم کرتے ہیں اور جوئےکے اشتہارات کے سبب پاک آسٹریلیا دوسرا ٹیسٹ نشر نہ کرسکے۔
پی ٹی وی کا کہنا ہےکہ ہماری براڈ کاسٹرز سے اس معاملے پر بات چیت جاری ہے، جوئے کے اشتہارات کو روکنے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز سے بات کررہے ہیں، پُر امید ہیں کہ معاملہ حل ہونے پر ناظرین پاک آسٹریلیا سیریزدیکھ سکیں گے۔
پی ٹی وی نے اپنے مؤقف میں مزید کہا کہ بحیثیت سرکاری ٹی وی کوشش ہے کہ مستقبل میں ایسے معاملات پیش نہ آئیں۔