کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ)پاکستان سپر لیگ تھری کے فائنل کا ٹاس پشاور زلمی نے جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔پشاور زلمی اپنے اعزاز کا دفاع کرے گی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ فائنل جیت کر دوسری بار چیمپئن بننے کے لیے بے تاب ہے۔
پشاور زلمی کی قیادت سابق ویسٹ انڈین کپتان ڈیرن سیمی کررہے ہیں اور مصباح الحق کی غیرموجودگی میں ممکنہ طور پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی قیادت جنوبی افریقا کے جے پی ڈومینی کے سپرد ہے۔
پشاور زلمی کے کامران اکمل، آندرے فلیچر، لیام ڈاؤسن، کرس جارڈن، وہاب ریاض اور حسن علی اہم ہتھیار ہیں جن پر کپتان ڈیرن سیمی کا انحصار ہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے لیوک رونکی، جے پی ڈومینی، سیموئل بدری، چیڈوک والٹن، اسٹیون فن اور سمت پٹیل وہ غیرملکی کھلاڑی ہیں جو کسی بھی وقت کچھ بھی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
گزشتہ روز پشاور اور اسلام آباد کی ٹیموں کے کپتانوں نے نیشنل اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس بھی کی، جے پی ڈومنی کا کہنا تھا کہ کراچی کی وکٹ پر اب تک کوئی میچ نہیں ہوا ہے، دونوں میں سے جو ٹیم بھی وکٹ کو جلد سمجھ لے گی جیت کے امکانات اسی ٹیم کے زیادہ ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ تمام لڑکے فائنل کے لیے تازہ دم اور بھرپور طریقے سے تیار ہیں اور میچ جیتنے کی پوری کوشش کریں گے۔
ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ ٹائٹل کے دفاع کے لیے تیار ہیں اور کراچی میں کرکٹ کی بحالی میں کردار ادا کرنے پر خوش ہوں، پاکستان میں کرکٹ کو ہمیشہ انجوائے کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ اس میچ کے بعد دنیا کو بتاؤں گا کہ پاکستان کرکٹ کے لیے اچھی جگہ ہے اور یہاں کے لوگ بھی بہت پیار کرنے والے ہیں۔