کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)کراچی میں گزشتہ روز پی سی بی گورننگ بورڈ کے 48 ویں اجلاس میں انٹرنیشنل،ڈومیسٹک اور خواتین کرکٹ کے معاملات پر غور کیا گیا جبکہ گورننگ بورڈ کی جانب سے پی ایس ایل تھری کے کامیاب انعقاد پر بھی پی سی بی کو مبارکباد پیش کی گئی جس کے تین میچز پاکستان میں بھی کھیلے گئے ۔اراکین کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل کو برانڈ بنانے کیلئے پی سی بی کی بھرپور سپورٹ کرتے ہیں کیونکہ اب یہ لیگ دنیا بھر میں مشہور ہو گئی ہے ۔ اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ ملک میں مستقبل کے پی ایس ایل اور انٹرنیشنل میچز کیلئے انفرااسٹرکچر بنایا جائے جبکہ یہ فیصلہ بھی ہوا کہ اسٹیڈیمز کو اپ گریڈ کر کے انہیں انٹرنیشنل اور پی ایس ایل میچز کیلئے عالمی معیار کے مطابق بنایا جائے ۔اجلاس کے شرکاء کو آئندہ ماہ ویسٹ انڈیز کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاریوں اور پلان سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے بورڈ آف گورنرز کے ممبرز کو ڈومیسٹک سطح پر کرکٹ کے فروغ کیلئے کئے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا اور فیصلہ ہوا کہ قومی اے ٹیم کو بحال کر کے اس کے ملک اور بیرون ملک دوروں کا اہتمام کیا جائے ۔ بورڈ آف گورنرز کو ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے مستقبل میں اٹھائے جانے والے پی سی بی کے اقدامات سے آگاہی کے ساتھ ادارتی ٹیموں سے درخواست کی گئی کہ وہ مختلف ریجنز میں ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے کام کریں جن سے آئندہ اجلاس میں منصوبے بھی شیئر کئے جائیں گے ۔ اجلاس میں سری لنکا کیخلاف ون ڈے سیریز میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے ملک میں پانچ ویمنز کرکٹ اکیڈمیوں کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا جن کے وینیوز کا جلد اعلان کردیا جائے گا۔