میامی(سپورٹس لنک رپورٹ)امریکی ریاست فلوریڈا میں جاری میامی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں اپ سیٹ ناکامی کا عفریت تین مرتبہ کی چیمپئن اور نمبر آٹھ سیڈ امریکی کھلاڑی وینس ولیمز کو بھی نگل گیا جن کو ہم وطن کوالیفائر ڈینیئل کالنز کیخلاف شکست کا دکھ اٹھانا پڑا تاہم مینز سنگل مقابلوں میں یوآن مارٹن ڈیل پوٹرو اور جان آئزنر نے سیمی فائنل مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ کی بسکین میں جاری ایونٹ کے ویمنز سنگل آخری کوارٹر فائنل میچ میں عالمی نمبر 93 چوبیس سالہ امریکی کھلاڑی ڈینیئل کالنز نے سات مرتبہ کی گرینڈ سلم فاتح 37 سالہ ہم وطن حریف وینس ولیمز کو چھ ،دو اور چھ ،تین سے مات دے کر ایونٹ سے باہر کردیا جس کیلئے انہیں ایک اگھنٹے اور انتیس منٹ تک سخت جدوجہد کرنا پڑی۔ یہ ڈینیئل کالنز کی کسی ٹاپ ٹین حریف کیخلاف اولین کامیابی بھی ہے جو سیمی فائنل میں لیٹویا کی یلینا اوسٹاپینکو کیخلاف کورٹ سنبھالیں گی جبکہ دوسرے لاسٹ فور راؤنڈ میچ میں وکٹوریا ازارینکا کو سلون اسٹیفنز کا چیلنج درپیش ہوگا۔ اسی ٹورنامنٹ کے مینز سنگل لاسٹ ایٹ مرحلے کے میچوں میں نمبر پانچ سیڈ ارجنٹائن کے یوآن مارٹن ڈیل پوٹرو کو نمبر بیس سیڈ کینیڈین حریف کیخلاف کامیابی کیلئے تین گھنٹے تک جدوجہد کرنا پڑی جو مقامی وقت کے مطابق نصف شب کو ختم ہوا تو ڈیل پوٹرو پانچ،سات،سات،چھ اورسات، چھ کے اسکور سے سیمی فائنل میں قدم رکھ چکے تھے جہاں ان کا سامنا نمبر چودہ سیڈ امریکی کھلاڑی جان آئزنر سے ہوگا جنہوں نے نمبر انیس سیڈ جنوبی کورین حریف ہیون چنگ کو محض 68 منٹ میں چھ ،ایک اور چھ، چار سے ہرا کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔