انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کے خواہشمند ہیں۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان روہت شرما نے انگلینڈ کے سابق کرکٹر مائیکل وان کے ساتھ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے بولر بہترین ہیں، انڈیا کے پاکستان کے ساتھ ٹیسٹ میچز ہونے چاہیئیں۔
روہت شرما نے کہاکہ پاک بھارت میچز نیوٹرل وینیو پر ہوسکتے ہیں، کنڈیشن اچھی ہو تو سیریز کی بھی حمایت کروں گا، دونوں ٹیموں کے درمیان دو طرفہ سیریز بہترین ہوگی۔
روہیت شرما نے ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 میں پاکستان کے خلاف میچ کو یاد کیا تو مائیکل وان نے ان سے پوچھا کہ وہ تو ٹی 20 ورلڈ کپ کا میچ تھا
لیکن جس طرح انڈیا، پاکستان روایتی حریف ہیں، جس طرح کا مقابلہ ہوتا ہے، اگر یہ دونوں ٹیمیں آپس میں ریگولر ٹیسٹ سیریز کھیلیں تو کرکٹ کو بہت فائدہ ہوگا۔
جواب میں روہت شرما نے کہاکہ وہ اس بات سے اتفاق کرتے ہیں، پاکستان کی ٹیم بہترین ہے، اس کے پاس زبردست بولنگ ہے، جب ہم سیریز کھیلیں گے تو دلچسپ مقابلہ ہوگا، مزہ آئے گا، ’بطور کھلاڑی میرے لیے یہ شاندار بات ہوگی کہ میں پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کھیلوں‘۔
اس موقع پر روہت شرما کو یہ بھی یاد نہیں آیا کہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان آخری ٹیسٹ میچ کب ہوا، کہا یہ شاید 2008 میں ہوا تھا۔
اس موقع پر مائیکل وان اور ایڈم گلگرسٹ نے مشورہ دیا کہ پاکستان اور انڈیا کی ٹیسٹ سیریز نیوٹرل وینیو انگلینڈ میں یا آسٹریلیا میں کرا دی جائے تو وہاں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، روہت شرما نے کہاکہ اس طرح کی کنڈیشن میں پاکستان کے بولرز کو کھیلنا اور بھی مزیدار بات ہوگی۔
روہت شرما نے کہا ’میں ایک کرکٹر ہوں اور کرکٹ میچ کے علاوہ مجھے اور کچھ نہیں چاہیے ہوتا، پاکستان کے خلاف اگر انڈیا کا میچ ہو تو یہ ایک اچھا میچ ہوگا۔‘