صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ میں واقع آرچری کے ٹارگٹ کو پانچویں مرتبہ نامعلوم افراد نے توڑ دیا
مسرت اللہ جان
خیبر پختونخواہ سپورٹس ڈائریکٹریٹ میں آرچری کے کھلاڑیوں کیلئے رکھے گئے ٹارگٹ کو نامعلوم افراد نے پانچویں مرتبہ توڑ دیا حالانکہ یہاں پر کیمرے بھی نصب ہیں اور کم و بیش بیس سے زائد اہلکار، مالی ،
چوکیدار اور کیئرٹیکر تعینات ہیں مگر اس کے باوجود نامعلوم افراد نے معاذ اللہ خان کرکٹ اکیڈمی کے پچھلے سائیڈ پر واقع آرچری کے ٹارگٹ کو توڑ دیا ،
اس کا انکشاف گذشتہ روز ہوا جب تیر اندازی کے کھلاڑی ٹریننگ کیلئے آئے تو پتہ چلا کہ نامعلوم افراد نے تیر اندازی کا ٹارگٹ توڑ دیا ہے اور لوگوں کو دھوکہ دینے کیلئے اس پر سامان رکھا ہے ،
کھلاڑیوں نے اس حوالے سے اپنی شکایت ایڈمنسٹریٹر پشاور سپورٹس کمپلیکس جعفر شاہ کیساتھ درج کردی تاہم انہوں نے اس بارے میں کوئی اقدام تاحال نہیں اٹھایا ، یہ پانچویں مرتبہ ہے جب نامعلوم افراد آرچری کا ٹارگٹ توڑ گئے ہیں
اس بارے میں خیبر پختونخواہ آرچری ایسوسی ایشن کے سیکرٹری سارہ خان نے افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ایڈمنسٹریٹر پشاور سپورٹس کمپلیکس کو قبل ازیں خاردار تار لگانے کی ہدایت کی گئی تھی
اور اس بارے میں ڈی جی نے احکامات بھی جاری کئے تھے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوا ، ان کے مطابق گذشتہ ایک سال کے دوران تیر اندازی کا ٹارگٹ توڑ دیا جاتا ہے اور انہیں ہر دفعہ دس سے بیس ہزار روپے کا نقصان اٹھانا پڑتا ہے جبکہ صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ بھی اس معاملے میں کچھ نہیں کررہی
صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ میں کچھ عرصہ قبل بھی فٹ بال کے کھلاڑی نے آرچری کا ٹارگٹ توڑ دیا تھا جس کے خلاف بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی اس بارے میں ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ صوبائی سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے بیشتر کیمرے خراب ہیں ،
اسی وجہ سے ان چیزوں کی ریکارڈنگ نہیں ہوسکتی کم و بیش چھ ماہ قبل لاکھوں روپے کے کیمرے پشاور سپورٹس کمپلیکس میں لگائے گئے تھے جس کی ہدایت تھانہ گلبرگ کی پولیس نے بھی سیکورٹی صورتحال کے پیش نظر دی تھی لیکن اس کے باوجود بھی کیمرے خرا ب ہی ہیں.
سپورٹس ڈائریکٹریٹ کے ذرائع کے مطابق غیر معیاری کیمرے نصب کئے گئے تھے جبکہ بعض ذرائع کے مطابق نئے کیمروں کیلئے یہ سارا ڈرامہ کیا جارہا ہے تاکہ پھر اخراجات ہوں.