پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کرکٹ کے معاملات سابق کپتان وقار یونس کو سونپنے کا فیصلہ کرلیا۔
ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد سینئر مینجر اور سلیکشن کمیٹی کے رکن وہاب ریاض کو ہٹانے کے بعد دوسرا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے سابق کپتان وقاریونس کو کرکٹ بورڈ میں اعلی عہدہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کرکٹ کے تمام امور وقار یونس کو سونپ دیں گے اور خود صرف انتظامی امور دیکھا کریں گے، محسن نقوی ساری توجہ ایڈ منسٹریشن پر دیں گے، خاص طور پر وہ اپنی تمام تر توجہ 2025 میں پاکستان میں شیڈول چیمپئنز ٹرافی پر مرکوز رکھیں گے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ وقار یونس مینز کرکٹ کے معاملات دیکھیں گے اور کرکٹ کے حوالے سے تمام فیصلوں کی ذمہ داری وقار یونس کی ہوگی، جب کہ شعبہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک سلیکشن کے امور اور کھلاڑیوں کے این او سی سمیت تمام فیصلے وقار یونس ہی کریں گے۔
سابق ہیڈ کوچ قومی ٹیم سے متعلقہ تمام امور کے نگران ہوں گے، وہ نیشنل سلیکشن کمیٹی وائٹ بال ریڈ بال کوچز کو دیکھیں گے۔
پی سی بی آئین 2014 کے مطابق چیئرمین اپنی پاور کسی کو سونپنے کا اختیار رکھتا ہے۔
وقار یونس اس سے قبل 2 بار پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرچکے ہیں، ایک بار وہ بطور باؤلنگ کوچ اور ایک بار ہیڈ کوچ کے طور پر پی سی بی سے منسلک رہے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی20 ورلڈکپ 2024 میں ناقص کارکردگی پر ٹیم منتخب کرنے میں اہم کردار ادا کرنے والے وہاب ریاض اور عبدالرزاق کو سلیکشن کمیٹی سے نکال دیا تھا جبکہ وہاب ریاض کو سینئر مینجر کے عہدے سے بھی برطرف کردیا گیا تھا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ بورڈ کو وہاب ریاض اور عبدالرزاق کی مزید خدمات درکار نہیں ہیں، عبدالرزاق قومی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے رکن تھے جب کہ وہاب ریاض مینز ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ تھے۔