چارلسٹن،مونٹیری(سپورٹس لنک رپورٹ)امریکی ریاست جنوبی کیرولینا میں کھیلا گیا چارلسٹن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ہالینڈ کی ککی برٹینز نے جیت لیا جن کو ایک ہی دن میں دو اہم مقابلوں میں شرکت کرنا پڑی۔ امریکہ کی میڈیسن کیز کو سیمی فائنل میں شکست دینے کے بعد نمبر بارہ سیڈ ڈچ پلیئر کو فیصلہ کن معرکے میں نمبر پانچ سیڈ جرمنی کی جولیا جارجز کا سامنا کرنا پڑا جنہوں نے سیمی فائنل میں نمبر آٹھ سیڈلٹویا کی اناستاسیا سیوسٹووا کو سات،چھ اور چھ،تین سے مات دی تھی۔ فائنل میں 26 سالہ ککی برٹینز کو کچھ زیادہ محنت نہیں کرنا پڑی جب انہوں نے جولیا جارجز کو چھ،دو اور چھ،ایک سے زیر کر کے کیریئر کا پانچواں جبکہ گیارہ ماہ کے عرصے میں تیسرا ٹائٹل جیت لیا۔ مونٹیری اوپن کی ٹرافی پر ٹاپ سیڈ سپینش پلیئر گاربائن موگوروزا نے قبضہ کرلیا جب انہوں نے فیصلہ کن معرکے میں دو گھنٹے اور بیس منٹ کی جدوجہد کے بعد نمبر دو سیڈ ہنگری کی ٹائمی بابوس کو سخت مقابلے کے بعد تین،چھ،چھ،چار اور چھ،تین سے شکست دے کر رواں سال کی پہلی ٹرافی پر اپنا قبضہ جما لیا۔ اسی ٹورنامنٹ کی ویمنز ڈبل ٹرافی برطانیہ کی ناؤمی براڈی اور ان کی پارٹنر سپین کی سارا سوریبس ٹورمو کے نام رہی ۔