گولڈ کوسٹ(سپورٹس لنک رپورٹ)اکیسویں کامن ویلتھ گیمز کے ساتویں روز آسٹریلیا کی میڈلز ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن برقرار رہی جس نے 57 تمغے جیت کر انگلینڈ،بھارت اور جنوبی افریقہ کو کافی پیچھے چھوڑ دیا ہے حالانکہ تینوں ممالک دس یا زائد گولڈ میڈلز جیت چکے ہیں۔ گزشتہ روز ویمن سنکرونائزڈ تین میٹرز اسپرنگ بورڈ ایونٹ میں آسٹریلیا نے گولڈ،انگلینڈ نے سلور اور ملائیشیا نے برانز میڈل جیتا،ڈائیونگ کے مینز ون میٹر اسپرنگ بورڈ فائنل میں انگلینڈ کے جیک لافر گولڈ میڈل لے اڑے جبکہ آسٹریلیا کے جیمز کونر نے سلور اور اسکاٹ لینڈ کے جیمز ہیٹلی نے برانز میڈل پر قبضہ کیا۔ویمنز دس میٹرز سنکرونائزڈ فائنل میں ملائیشیا نے طلائی،کینیڈا نے چاندی اور ملائیشیا نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ویمنز جیولن تھرو فائنل میں آسٹریلیا کی کیتھرین مچل،ویمنز تین ہزار میٹرز اسٹیپل چیز فائنل میں جمیکا کی آئشہ پراٹ،مینز ہائی جمپ فائنل میں آسٹریلیا کے برینڈن اسٹارک،مینز لانگ جمپ فائنل میں جنوبی افریقہ کے لوو مانیونگا،مینز ایف 38 شارٹ پٹ فائنل میں آسٹریلیا کے کرومبی کیمرون،ویمنز کے ٹی 35 سو میٹرز فائنل میں آسٹریلیا کی ایسس ہولٹ اور ویمنز چار سو میٹرز فائنل میں بوٹسوانا کی امینٹل مونٹشو نے طلائی تمغے جیتے۔ ڈائیونگ کے ویمنز تین میٹرز سنکرونائزڈ اسپرنگ بورڈ فائنل میں آسٹریلیا نے طلائی تمغہ جیتا۔شوٹنگ کے ویمنز ڈبل ٹریپ فائنل میں بھارت کی شیریاسی سنگھ نے طلائی،آسٹریلیا کی ایما کوکس نے چاندی اور اسکاٹ لینڈ کی ایما پیئرسن نے کانسی کا تمغہ جیتا،مینز ففٹی میٹرز پسٹل فائنلز میں آسٹریلیا کے ڈینیئل ریپاچولی گولڈ،بنگلہ دیش کے شکیل احمد سلور اور بھارت کے اوم متھروال برانز میڈل لے اڑے جبکہ مینز ڈبل ٹریپ فائنلز میں اسکاٹ لینڈ کے ڈیوڈ میک میتھ نے گولڈ،آئزل آف مین کے ٹم نیل نے سلور اور بھارت کے انکور متل نے برانز میڈل پر قبضہ جمایا۔