لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) انگلینڈ اور آئرلینڈ کا دورہ کرنے والی سولہ رکنی کرکٹ ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑیوں کو بھی سکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے لیکن دوسری جانب فواد عالم اور وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل نہ کرنے پر پاکستانی کرکٹ شائقین کی جانب سے شدید تنقید کی جا رہی ہے، انضمام الحق نے اس کی وجہ بتا کر سب کو حیران کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ کپ چونکہ انگلینڈ میں ہو رہا ہے اسی لیے زیادہ سے زیادہ نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیم کا حصہ بنایا ہے کہ تاکہ انہیں وہاں کی کنڈیشنز کا پتہ چل سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کی سلیکشن کرتے ہوئے ہم نے بیٹنگ آرڈر مضبوط کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے سب کو موقع ملے گا، انضمام الحق نے کہاکہ انگلینڈ اور آئرلینڈ سے میچ کے دنوں میں گیند کے سوئنگ ہونے کا زیادہ امکان ہے اس لیے بلے بازوں کو احتیاط سے کھیلنا ہو گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کا انگلینڈ اور آئرلینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے اعلان کر دیا گیا، اس سولہ رکنی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے۔ دورہ انگلینڈ اور آئر لینڈ کے دوران پاکستانی ٹیم تین ٹیسٹ میچ کھیلے گی، اس سولہ رکنی ٹیم میں سرفراز احمد (کپتان)، اظہرعلی، محمد عامر، بابر اعظم، اسد شفیق، فخر زمان، امام الحق، سمیع اسلم، حارث سہیل، اصلاح الدین، سعد علی، حسن علی، شاداب خان، فہیم اشرف، راحت علی اور محمد عباس شامل ہیں، واضح رہے کہ قذافی سٹیڈیم میں جاری کیمپ کا پہلا مرحلہ اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے اور دوسرے مرحلے میں سولہ رکنی ٹیم کا کیمپ 18 اپریل سے شروع ہوگا، 23 اپریل کو پاکستانی ٹیم انگلینڈ روانہ ہو گی جہاں وہ گیارہ مئی کو آئر لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلے گی اور مزید دو ٹیسٹ انگلینڈ کی ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔