خیبرپختونخوا ٹیک بال چیمپئن شپ پشاور میں شروع ہوگئی


خیبرپختونخوا ٹیک بال چیمپئن شپ پشاور میں شروع ہوگئی
پشاور( سپورٹس لنک رپورٹ) ریجنل سپورٹس آفس پشاور اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاور میں خیبرپختونخوا ٹیک بال چیمپئن شروع ہوگئی
باضابطہ افتتاح ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس پیر عبداﷲ شاہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) محمد اصغر سورانی نے کیا ان کے ہمراہ خیبر چیمبر کے صدر حاجی یوسف آفریدی ،
پاکستان ٹیک بال فیڈریشن کے صدر میاں راحت شاہ ، ریجنل سپورٹس آفیسر کاشف فرحان ، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر مشعل ملک ، بانی ٹیک بال پاکستان ابصار علی،
نائب صدر خیبر پختونخوا ٹیک بال ایسوسی ایشن اختر رسول اورجنرل سیکرٹری وجاحت علی ، ایڈمن آفیسر سید جعفر شاہ ، کفایت اﷲسمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔
ریجنل سپورٹس آفس پشاور کے تعاون اور صوبائی ٹیک بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام قیوم سپورٹس کمپلیکس پشاورمیں منعقدہ خیبرپختونخوا ٹیک بال چیمپئن شپ میں صوبہ بھر سے پچاس سے زائد مرد وخواتین کھلاڑی شرکت کررہے ہین چیمپئن شپ دو دن تک جاری رہیگی ۔
ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس پیر عبداﷲ شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیک بال دنیا میں سب سے زیادہ پرجوش اور تیزی سے ترقی کرنے والے کھیلوں میں سے ایک ہے اور اس کھیل کے برانڈ ایمبیسڈر رونالڈینو فٹبال کمیونٹی کے لیے ایک بڑی کشش بن چکے ہیں، یہ فری اسٹائل فٹبالرز کے لیے ایک بہترین موقع ثابت ہوسکتا ہے۔
اس موقع پراے ڈی سی محمد اصغرسورانی نے کھلاڑیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھیل کسی بھی قوم کی تعمیر و ترقی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو صحت مند اور فعال بنانے کے لیے کھیلوں کو فروغ دینا بے حد ضروری ہے۔۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ مستقبل میں بھی کھیلوں کے فروغ کے لیے مزید اقدامات کرے گی تاکہ نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے زیادہ مواقع مل سکیں۔
انہوںنے ریجنل سپورٹس آفیسر کاشف فرحان کی کھیلوں کے فروغ میں خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔



