
ڈائمنڈ پینٹس/ماسٹر پینٹس نے الائیڈ بینک کا 97 واں پنجاب پولو کپ ٹائٹل جیت لیا۔
لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام الائیڈ بینک 97 واں پنجاب پولو کپ کا فائنل ٹیم ڈائمنڈ پینٹس /ماسٹر پینٹس نے جیت لیا۔
فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد اختتامی لمحات میں ایف جی پولو کو 5-4 سے ہرا کر زبردست فتح حاصل کرکے 141 سال پرانی ٹرافی جسے دنیا کی سب سے پرانی سپورٹس ٹرافی کہا جاتا ہے جیت لی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں الائیڈ بینک کے تعاون سے منعقدہ تاریخی پنجاب کپ کا 97 واں ایڈیشن کا فائنل انتہائی زبردست رہا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی حسینین مرزا گروپ ہیڈ سی آر بی جی الائیڈ بینک لمیٹڈ تھے۔
اس موقع پر لاہور پولو لکب کے صدر ملک اعظم حیات نون، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز، سینئر ممبرز،فیملیز اور پولو لورز کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ ڈائمنڈ پینٹس /ماسٹر پینٹس اور ایف جی پولو کے درمیان فائنل انتہائی دلچسپ رہا جو ڈائمنڈ پینٹس نے 5-4 سے اپنے نام کیا۔
ڈائمنڈ پینٹس /ماسٹر پینٹس کی طرف سے ایرانی کھلاڑی عامر رضا بہبودی نے تین اور فاکو ریٹ مار نے دو گول سکور کیے۔ ایف جی پولو کی طرف سے راول لیپ لاسیٹ نے تین اور مارکوس ریوالا نے ایک گو ل سکور کیا۔
میچ کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز عامر رضا بہبودی کو دیا گیا۔ فائنل میچ کی بہترین گھوڑی کا ایوارڈ صوفی محمد ہارون کی گھوڑی سلینا کو دیا گیا۔
قبل ازیں تیسری چوتھی پوزیشن کے میچ میں لاہور پولو کلب کی ٹیم نے بی این پولو کی ٹیم 7-3 سے ہرا کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اختتامی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈائمنڈ پینٹس ٹیم کے کپتان میر حذیفہ احمد کا کہنا تھا کہ دنیا کی سب سے پرانی تاریخی ٹرافی پر انا نام لکھوانا قابل فخر ہے۔ ٹیم نے محنت کی اور اتنا سخت مقابلہ ہوا اور آخر کار ہم کلوز مارجن سے فتح یاب ہوئے۔



