کراچی کنگز سندھ کے شہزادے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا میلہ کراچی نے لوٹ لیا


کراچی(سپورٹس لنک رپورٹ) فحدث بخاری اور بہادر علی کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ہوم ایج کراچی کے شہزادے کو کراچی کنگز سندھ کے شہزادے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹرافی کے ہمراہ 5لاکھ روپے کے کیش ایوارڈکا حقدار بنادیا۔برج پاورحیدرآباد کے شہزادے رنر اپ رہے انہیں ڈھائی لاکھ روپے کا کیش پرائز ملا۔قبل ازیں سلو لیفٹ آرمرمحمد سلمان نے نہ صرف برج پاور حیدرآباد کے شہزادے کورنز بنانے سے باز رکھا بلکہ 5وکٹیں بھی اپنے نام کرکے مین آف دی فائنل کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے اننگز کا آغاز کیا جو انتہائی مایوس کن تھا دنوں اوپنرز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔دانیال راجپوت نے 39گیندوں پر 34رنز کی ذمہ دارانہ اننگز 2چوکوں اور ایک چھکے کی مدد ست کھیلی ۔آصف محمود نے 14گیندوں پر 32برق رفتار رنز بنائے۔ابرار احمد کراچی کنگ کے دوسرے کامیاب بولر ثابت ہوئے انہوں نے 18رنز پر 2کھلاڑیوں کو نشانہ بنایا۔جوابی اننگز میں کراچی کے شہزادے کا بھی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور دونوں اوپنر اسکور میں 22رنز کا اضافہ کرکے پویلین سدھار گئے۔ تاہم فحدث بخاری اور بہادر علی نے ذمہ دارانہ اننگز کھیلی اور 57رنز جوڑے۔ فحدث بخاری نے 47رنز کی ناقابل شکست اننگز میں 4چوکے رسید کئے۔ اور بہادر علی کی 32رنز کی اننگز جارحانہ تھی جس میں 2چھکے اور 2ہی چوکے شامل تھے۔ عماد عالم 223رنز بنا کر بہترین بیٹسمین بنے انہیں 15ہزارروپے کا کیش ایوارڈ ملا۔ کراچی ہی کہ محمد سلمان 14وکٹ لیکر بہترین بولر، بہترین آل راؤنڈ حیدرآباد کے دانیال راجپوت رہے جنہوںنے 183رنز اسکور کئے اور 4وکٹیں اپنے نام کیں۔کراچی کے حارث علی خان کو بہترین فیلڈر قرار دیا گیا۔قبل ازیں کھیلے گئے آخری گروپ میچ میں سکھر نے نوابشاہ کو 30رنز سے شکست دی۔فائنل کے مہمان خصوصی گورنر سندھ عمران اسمٰعیل تھے ۔

مہمان خصوصی نے اپنے خطاب میںکہا کہ ماضی میں ہم نے کراچی کے میدان کھوئے ۔ گراؤنڈ پر قبضہ ہوئے۔ آج حالات بدل گئے ہیں اور کھیلوں کے میدان دوبارہ آباد ہورہے ہیں۔ گورنر سندھ نیا ناظم آباد میں مذکورہ ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکراچی کی رونقوں کی بحالی میں حصہ ڈالنے والوں کا شکرگذار ہوں۔ کراچی کے بعد اندرون سندھ سے نیا ٹیلنٹ لانے کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔سابق قومی کپتان شاہد خان آفریدی نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اندرون سندھ میں بھی بہت ٹیلنٹ موجود ہے۔سندھ حکومت ایسے کھلاڑیوں کیلئے اکیڈمیاں قائم کرے۔ایک او رسابق کپتان محمد یونس خان نے کہا کہ ابھرے ہوئے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔ملک میں کلب کرکٹ کا ڈھانچہ تبدیل کیا جائے۔ تقریب میں میئر کراچی وسیم اختر،سابق ٹیسٹ کپتان راشد لطیف، ڈائریکٹر کوچنگ،کراچی کنگز،سی ای او کراچی کنگز طارق وسیع،منیجر کراچی کنگز نوید رشید،ٹیسٹ کرکٹرفیصل اقبال کے علاوہ معروف بزنس مین عارف حبیب اور عقیل کریم ڈھیڈھی ودیگر کراچی کی نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں۔

error: Content is protected !!