

چنیوٹ پریمیئر لیگ انگھیٹی الیون کی شاندار فتح
کنال گرین سٹی فارم اینڈ ریسورٹ کا افتتاح، ایس کے بی زیڈ گراؤنڈ میں تقریب
کراچی (سپورٹس لنک رپورٹ)
چنیوٹ پریمیئر لیگ کی افتتاحی تقریب ایس کے بی زیڈ گراؤنڈ میں نہایت شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس پروقار تقریب کے مہمانان خصوصی انجم نثار (پریذیڈنٹ چنیوٹ شیخ برادری) اور ثاقب فیاض مَگُو، جو کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اور انڈسٹری کے سینیئر وائس پریذیڈنٹ ہیں، نے شرکت کی۔
دونوں مہمانوں نے ربن کاٹ کر اور بال کو ہٹ لگا کرپروگرام کا افتتاح کیا جس سے حاضرین کے جوش و جذبے میں مزید اضافہ ہوا۔تقریب کے دوران چیئرمین کنال گرین سٹی فارم اینڈ ریسورٹ، عمران آفتاب نے تمام مہمانوں کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے ان کی اس تقریب میں شرکت نے اس کو مزید معتبر بنایا
اور حاضرین نے عمران آفتاب کی اس پروجیکٹ کے لیے بھرپور حوصلہ افزائی کی۔چنیوٹ پریمیئر لیگ کے افتتاحی میچ میں انگھیٹی الیون نے فیلکنز کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کپتان مدثر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
انگھیٹی الیون کے بیٹسمینوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔ شہریار حامد نے 28 گیندوں پر 42 رنز، عثمان حفیظ نے 33 گیندوں پر 48 رنز، جبکہ رضا جنید نے 16 گیندوں پر 22 رنز اسکور کیے۔
فیلکنز کی ٹیم نے ہدف کے تعاقب میں بھرپور کوشش کی، تاہم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز ہی بنا سکی اور انہیں 20 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بلال نے 21 گیندوں پر 31 رنز اور کاشف افتخار نے 20 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔
انگھیٹی الیون کے باؤلرز نے بہترین باؤلنگ کرتے ہوئے فیلکنز کو بڑا اسکور کرنے سے روکا۔ تقریب کے اختتام پر آرگنائزر عمران آفتاب نے مستقبل میں نیشنل ٹینس چیمپیئنشپ کا بھی اعلان کیا،
مہمانِ خصوصی اور دیگر مہمانوں کو سوینیرز پیش کیے اور تمام کھلاڑیوں، مہمانوں اور میڈیا ٹیم کا شکریہ ادا کیا مزید اس موقع پر کراچی چیمبر آف کامرس کے وائس پریزیڈنٹ فیصل خلیل بھی موجود تھے،
جنہوں نے عمران آفتاب کے ساتھ مل کر اس نئے پروجیکٹ کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے اس کامیاب ایونٹ کو ٹیم ورک، محنت، اور شائقین کی سپورٹ کا نتیجہ قرار دیا۔
آرگنائزنگ سیکریٹری شیخ ندیم محمود نے بھی لیگ کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور آئندہ سال مزید بڑے پیمانے پر ایونٹ کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔



