
ویسٹ ایشیا بیس بال کپ کا بڑا معرکہ: پاکستان بھارت ٹکراؤ ہوگا
تہران: ایران میں جاری ویسٹ ایشیا بیس بال کپ 2025 اپنے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جہاں سب کی نظریں ایک بار پھر روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کے درمیان سیمی فائنل پر مرکوز ہیں۔
یہ میچ نہ صرف ٹورنامنٹ کا سب سے زیادہ دلچسپی کا حامل معرکہ قرار دیا جا رہا ہے بلکہ دونوں ممالک کے شائقین کے لیے جذبات سے بھرپور لمحہ بھی ثابت ہوگا کیونکہ کھیل کا میدان ہو یا کوئی اور پلیٹ فارم، پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ ہمیشہ ہی غیر معمولی کشش کا باعث بنتا ہے۔
ٹورنامنٹ کے سولہویں ایڈیشن میں پاکستان نے اب تک شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے گروپ بی میں بنگلا دیش اور میزبان ایران کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
پاکستان نے بنگلا دیش کے خلاف 6-10 اور ایران کے خلاف ایک یکطرفہ مقابلے میں 0-14 سے کامیابی حاصل کر کے نہ صرف سیمی فائنل میں جگہ بنائی بلکہ گروپ بی کا چیمپئن بن کر ابھرا ہے
ٹیم کی یہ فتوحات اس بات کی غماز ہیں کہ پاکستانی کھلاڑی مکمل فارم میں ہیں اور ٹیم کی مجموعی کارکردگی اعتماد بخش رہی ہے۔
پاکستان بیس بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سید فخر علی شاہ نے ٹیم کے موجودہ حوصلے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام کھلاڑی مکمل جذبے کے ساتھ میدان میں اترنے کو تیار ہیں اور بھارت کے خلاف فتح کے لیے پرعزم ہیں۔
پاکستانی ٹیم کے کوچنگ اسٹاف، جن میں طاہر محمود، اختر حسین شاہ، راؤ آصف جبار، عمیر امداد بھٹی اور دیگر تجربہ کار آفیشلز شامل ہیں، نے اپنے پیغامات میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ قوم کو کامیابی کی خوشخبری سنانے کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
کوچز کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی فٹنس، فارم اور کھیل کے بارے میں سمجھ بوجھ عروج پر ہے اور بھارت جیسے حریف کو شکست دینا ان کے لیے ایک بڑا چیلنج ضرور ہے، لیکن ناقابلِ حصول نہیں۔
دونوں ٹیموں کے درمیان یہ مقابلہ نہ صرف تکنیکی اعتبار سے اہم ہوگا بلکہ جذباتی طور پر بھی بھرپور رہے گا، کیونکہ کھیلوں کی دنیا میں جب بھی پاکستان اور بھارت آمنے سامنے آتے ہیں، تماشائیوں کی دلچسپی کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔
ویسٹ ایشیا بیس بال کپ میں یہ ٹاکرا شائقین کے لیے کسی کرکٹ کے بڑے مقابلے سے کم نہیں سمجھا جا رہا۔
تہران میں موجود مقامی اور بین الاقوامی شائقین کی بڑی تعداد سیمی فائنل کے دوران اس دلچسپ مقابلے کو دیکھنے کے لیے جمع ہوگی، جبکہ دنیا بھر میں بیٹھے پاکستانی اور بھارتی شائقین بھی اس میچ پر نظریں جمائے بیٹھے ہوں گے۔



