فیفا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن ایوارڈ کا اعزاز دے دیا

فیفا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو امن ایوارڈ کا اعزاز دے دیا
واشنگٹن: فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو عالمی امن کے فروغ میں کردار کے اعتراف کے طور پر ’’فیفا پیس ایوارڈ‘‘ سے نواز دیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے عالمی کھیلوں میں امن اور ہم آہنگی کے فروغ کے اعتراف میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ’’فیفا پیس ایوارڈ‘‘ سے نواز دیا۔
خبر رساں اداروں کے مطابق تقریب میں فیفا کے صدر جیانی انفینٹینو نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ایوارڈ پیش کیا، یہ اعزاز انہیں آئندہ برس امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے ڈراز کی خصوصی تقریب کے دوران دیا گیا۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ فیفا نے گزشتہ ماہ اس ایوارڈ کا باقاعدہ اعلان کیا تھا اور واضح کیا تھا کہ یہ اعزاز اُن شخصیات یا اداروں کو دیا جاتا ہے جو بین الاقوامی سطح پر امن، برداشت اور مثبت روابط کے فروغ کے لیے نمایاں کردار ادا کریں۔
فیفا کے مطابق اس سال کے ایوارڈ کا مقصد عالمی کھیلوں کو اتحاد کا ذریعہ بنانے والی کوششوں کو سراہنا ہے، جب کہ ورلڈ کپ 2026 کی میزبانی تین ممالک کی جانب سے مشترکہ طور پر کیے جانے کو بھی امن اور تعاون کی علامت قرار دیا گیا۔



