بی بی ایل: سڈنی سکسرز نے بابر اعظم کے لیے خصوصی جرسی نمبر جاری کر دیا

بی بی ایل: سڈنی سکسرز نے بابر اعظم کے لیے خصوصی جرسی نمبر جاری کر دیا
آسٹریلیا کی مشہور ٹی ٹوئنٹی لیگ بگ بیش (بی بی ایل) میں شامل سڈنی سکسرز نے پاکستانی اسٹار بیٹر بابر اعظم کے اعزاز میں ایک منفرد اور خاص جرسی نمبر متعارف کروا کر شائقین کو خوشخبری سنائی ہے۔
رواں ہفتے بابر اعظم سڈنی پہنچے تاکہ 14 دسمبر سے شروع ہونے والے بی بی ایل سیزن 15 میں اپنی ٹیم کی نمائندگی کر سکیں اور فرنچائز نے اس موقع کو یادگار بنانے کے لیے ان کے لیے روایت سے ہٹ کر جرسی نمبر ‘056’ متعارف کرایا۔
بابر اعظم، جن کا قومی جرسی نمبر 56 ہے، سڈنی سکسرز کی اس خصوصی جرسی میں کھیلیں گے اور یہ نیا نمبر تین ہندسوں پر مشتمل ہے، جو بگ بیش لیگ میں فرنچائز کی جانب سے اسٹار اوورسیز کھلاڑی کے لیے دی جانے والی منفرد پہچان ہے۔
سڈنی سکسرز نے سوشل میڈیا پر بابر اعظم کی نئی جرسی کی تصاویر بھی شیئر کیں، جن میں وہ سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں اپنی ٹیم کی شناخت کے ساتھ موجود دکھائی دیے۔
اس اقدام سے نہ صرف بابر اعظم کی ٹیم میں اہمیت اجاگر ہوئی ہے بلکہ یہ بی بی ایل کے شائقین کے لیے بھی ایک دلچسپ لمحہ ہے،
جو اپنے پسندیدہ پاکستانی بیٹر کو نئے انداز اور منفرد جرسی نمبر کے ساتھ کھیلتے دیکھنے کے منتظر ہیں۔ اس خصوصی جرسی کے ساتھ بابر اعظم کی موجودگی سڈنی سکسرز کے لیے اس سیزن میں امیدوں کو مزید بڑھا رہی ہے۔
پاکستان کے کرکٹ شائقین کے لیے یہ خوشخبری ہے کہ اس سال بگ بیش لیگ میں کئی قومی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے اور دلچسپ مقابلے دیکھنے کو ملیں گے، لیگ 14 دسمبر سے شروع ہو رہی ہے اور 28 جنوری تک جاری رہے گی۔
اس دوران پاکستان کے کھلاڑیوں کو باضابطہ طور پر این او سی جاری کیا گیا ہے تاکہ وہ بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی ٹیموں کے ساتھ کھیل سکیں۔



