انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی
دبئی، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پلیئرز کی نئی رینکنگ جاری کر دی، جس کے مطابق پاکستانی بیٹر سعود شکیل ٹیسٹ رینکنگ میں ایک درجے ترقی کے بعد ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے وہ اب 10ویں نمبر پر آگئے ہیں جوان کی ٹیسٹ کارکردگی کے تسلسل کا واضح ثبوت ہے۔
ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں بھارت کے روہت شرما ترقی پا کر پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں، جبکہ ویرات کوہلی 2 درجے بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ پاکستان کے بابر اعظم چھٹے نمبر پر برقرار ہیں اور مسلسل اچھی کارکردگی کے ساتھ اپنی مضبوط موجودگی قائم رکھے ہوئے ہیں۔
ون ڈے بولنگ رینکنگ میں افغانستان کے اسٹار اسپنر راشد خان نے پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کے ابرار احمد 9ویں نمبر پر برقرار ہیں، جبکہ شاہین شاہ آفریدی 2 درجے ترقی کے بعد 19ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ حارث رؤف بھی ایک درجہ بہتری کے ساتھ 22ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
ٹی20 فارمیٹ میں پاکستان کے کھلاڑیوں نے بھی اچھی پیش رفت کی ہے۔ بیٹنگ رینکنگ میں صاحبزادہ فرحان ایک درجہ ترقی کے بعد 5ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ بولنگ رینکنگ میں ابرار احمد چوتھے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ محمد نواز 11ویں پوزیشن پر برقرار ہیں، جس سے ٹی20 میں پاکستان کی مضبوط نمائندگی برقرار ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں آسٹریلیا کے مچل اسٹارک نے شاندار کارکردگی کی بدولت کیریئر کی بہترین رینکنگ حاصل کرتے ہوئے تیسرے نمبر پر جگہ بنا لی ہے۔ تاہم پاکستان کے اسپنر نعمان علی ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے نمبر پر آ گئے ہیں۔



