
ورلڈ یوتھ اسکریبل میں پاکستان کا پھر راج، ساتویں بار عالمی ٹیم ٹائٹل جیت لیا.
پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں نے ایک بار پھر عالمی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 21ویں ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں عالمی ٹیم ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
پاکستان نے ساتویں مرتبہ یہ اعزاز حاصل کیا، جبکہ مختلف کیٹیگریز میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے کئی اہم کامیابیاں سمیٹیں۔
21ویں ورلڈ یوتھ اسکریبل چیمپئن شپ میں پاکستان نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے ساتویں مرتبہ عالمی ٹیم ٹائٹل جیت لیا اور ایک بار پھر اسکریبل کے عالمی میدان میں اپنی برتری ثابت کردی۔
ٹیم ایونٹ میں پاکستان نے پہلی پوزیشن حاصل کی، جبکہ انفرادی مقابلوں میں بھی پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا اور مختلف کیٹیگریز میں عالمی اعزازات اپنے نام کیے۔
پاکستان کے احمد سلمان انڈر 16 کیٹیگری کے عالمی چیمپئن بن گئے، جبکہ احد صولت فاطمی نے انڈر 14 کیٹیگری میں عالمی ٹائٹل جیت لیا۔پاکستان کے کم عمر کھلاڑی تیمور وسیم نے بھی شاندار کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے انڈر 10 کیٹیگری میں عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
تیمور وسیم گزشتہ برس بھی انڈر 8 کیٹیگری کا ورلڈ ٹائٹل جیت چکے ہیں۔انڈر 12 کیٹیگری میں پاکستان کے مصطفیٰ فرحان نے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ انفرادی مقابلوں میں پاکستان کے تین کھلاڑی ٹاپ 10 میں جگہ بنانے میں کامیاب رہے۔
چیمپئن شپ میں سب سے زیادہ پوائنٹس والا لفظ کھیلنے کا اعزاز بھی پاکستانی کھلاڑی ایان حسن خان کے نام رہا، جبکہ ایک میچ میں سب سے زیادہ اسکور بنانے کا اعزاز پاکستان کے احزم صدیقی نے حاصل کیا۔
چیمپئن شپ میں 11 ممالک سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 183 کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ انفرادی مقابلے میں آسٹریلیا کے دینتھ فرنینڈو عالمی چیمپئن بنے
پاکستانی نوجوان کھلاڑیوں کی کامیابیوں نے عالمی سطح پر ایک بار پھر ملک کا نام روشن کردیا ہے اور اسکریبل کے میدان میں پاکستان کی مضبوط پوزیشن کو مزید مستحکم کیا ہے۔
ساتویں عالمی ٹیم چیمپئن شپ کے ساتھ پاکستانی نوجوانوں نے اسکریبل میں اپنی حکمرانی برقرار رکھی، جبکہ نئی نسل کی یہ کامیابیاں مستقبل میں مزید عالمی اعزازات کی امید بھی بڑھا رہی ہیں۔



