عالمی کپ کرکٹ ٹرافی کل پاکستان پہنچے گی


دبئی ( عبدالرحمان رضا) کرکٹ ورلڈ کپ 2019ء کی ٹرافی کا سفر جاری ہے اور عالمی کپ کی ٹرافی 6 روزہ دورے پر کل بدھ کو پاکستان پہنچے اور تین شہروں کا دورہ کرے گی۔تفصیلات کے مطابق عالمی کپ کی ٹرافی کل 3اکتوبر کو لاہور پہنچے گی اور پھر دو دن لاہور میں مختلف مقامات کی سیر کے بعد یہ ٹرافی 5اکتوبر کو اسلام آباد پہنچے گی۔لاہور میں تین اکتوبر کو دن ڈیڑھ بجے ٹرافی کو کھلی بس میں سفر کرایا جائے گا جس کے بعد اسی دن قذافی اسٹیڈیم میں پونے تین بجے اس کی میڈیا کے سامنے رونمائی کی جائے گی۔چار اکتوبر کو ٹرافی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کا رخ کرے گی جس کے بعد اسے واہگہ بارڈر لے جایا جائے گا اور پھر ٹرافی کی لاہور میں آخری منزل شوکت خانم ہسپتال ہو گی۔ اس کے بعد عالمی کپ کی ٹرافی اسلام آباد پہنچے گی اور وہاں دو دن رہنے کے بعد اپنے دورہ پاکستان کے آخری مرحلے میں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی پہنچے گی۔ٹرافی کی 7اور 8اکتوبر کو کراچی کے مختلف مقامات پر رونمائی کی جائے گی لیکن ان دونوں شہروں میں ٹرافی کے شیڈول کا فی الحال اعلان نہیں کیا گیا۔عالمی کپ کی ٹرافی نے نے سفر کا آغاز رواں سال 28اگست کو دبئی میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر دفتر سے کیا تھا۔اس مرتبہ ورلڈ کپ کی ٹرافی کا دورہ سب سے طویل ترین ہو گا اور 21ملکوں اور 60شہروں کا دورہ کرے گی۔عالمی کپ کا انعقاد آئندہ سال 30مئی سے انگلینڈ میں ہو گا اور 14جولائی کو ہونے والے فائنل کی فاتح نئے عالمی چمپئن کا تاج سر پر سجاتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کرے گی۔

error: Content is protected !!