عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ،کل آسڑیلیا چین سے اورانگلینڈ آئرلینڈ سے نبردآزما ہوگا


بھوبنشوار ۔ (سپورٹس لنک رپورٹ) 14 ویں عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں کل جمعہ کو پول بی کے دو میچ کھیلے جائینگے۔ تفصیلات کے مطابق چودہواں عالمی کپ ہاکی ٹورنامنٹ بھارتی ریاست اڑسیہ کے دارالحکومت بھوبنشوار میں جاری ہے۔ میگا ایونٹ میں کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ جاری ہے اور شائقین ہاکی کو اچھے مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ٹورنامنٹ میں کل جمعہ کو پول بی کے دو میچ کھیلے جائینگے۔ اس سلسلے میں پہلا میچ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور چین کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا۔ پول بی سے عالمی چیمپئن آسٹریلیا پہلے ہی میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکی ہے۔ دوسرا میچ انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیمیں اب تک کوئی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکیں۔میگا ایونٹ 19 روز تک جاری رہنے کے بعد 16 دسمبر کو اختتام پذیر ہوگا۔ میگا ایونٹ میں دنیا بھر سے 16 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کر رہی ہیں جن کو چار مختلف پولز میں تقسیم کیا گیا۔ عالمی چیمپئن آسٹریلیا کی ٹیم میگا ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کیلئے کوشاں ہے اور اب تک کھیلے گئے میچوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر چھ پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے۔ میگا ایونٹ کا کوارٹر فائنل مرحلہ 12 دسمبر سے شروع ہوگا، کوارٹر فائنل مرحلے کے بعد چار ٹیمیں سیمی فائنل کوالیفائی کرینگی۔ عالمی کپ کے دونوں سیمی فائنلز 15 دسمبر کو کھیلے جائینگے۔ میگا ایونٹ کی دو فائنلسٹ ٹیموں کے درمیان فائنل اور تیسری پوزیشن کے لئے میچ 16 دسمبر کو کھیلا جائیگا۔

error: Content is protected !!