کرکٹ کا کھیل ترقی کی شاہراہ پرگامزن،آئی سی سی

دبئی(سپورٹس لنک رپورٹ)کرکٹ کی گورننگ باڈی آئی سی سی نے انکشاف کیا ہے کہ کرکٹ کا کھیل بین الاقوامی سطح پر ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے اور دنیا بھرمیں اس کے چاہنے والوں کی تعداد ایک ارب سے زائد ہو گئی ہے ، جس میں سے 90 فیصد کا تعلق بھارت اور پاکستان سے ہے ۔ کھیلوں کے حوالے سے کی جانے والی سب سے بڑی اور مربوط مارکیٹ ریسرچ میں 16سے 69 برس کے افراد سے رائے لی گئی، اس میں61 فیصد مرد جبکہ 39 فیصد خواتین شامل ہیں۔ اس تحقیق کا مقصد کرکٹ کے کھیل کی نشوونما کے ساتھ اس کی عالمی سطح پر مقبولیت کا اندازہ لگا کر رکن ممالک کو اس بات سے آگاہ کرنا تھا کہ وہ کن پہلوؤں پر کام کر کے کھیل کی بہتری میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔سولہ سال سے زائد کے دو تہائی پرستار کھیل کے تینوں فارمیٹس کو پسند کرتے ہیں اور 95 فیصد کی ورلڈ کپ یا ورلڈ ٹی ٹونٹی میں بے پناہ دلچسپی ہے۔ سروے کے مطابق 68 فیصد افراد خواتین کرکٹ اور 65 فیصد ویمنز ورلڈ کپ کو پسند کرتے ہیں تاہم 70 فیصد کی خواہش ہے کہ خواتین کے میچز کو زیادہ لائیو کوریج دی جائے ۔ٹیسٹ کرکٹ میں 70 فیصد افراد کی دلچسپی ہے تاہم انگلینڈ اور ویلز میں یہ پسندیدگی 86 فیصد ہے ۔ جنوبی افریقہ میں ون ڈے کرکٹ کو سب سے زیادہ 91 فیصد اور ٹی ٹونٹی فارمیٹ کو سب سے زیادہ 98 فیصد پاکستان میں پسند کیا جاتا ہے جبکہ عالمی سطح پر 92 فیصد مقبولیت کے ساتھ ٹی ٹونٹی اور 88 فیصد دلچسپی کے ساتھ ون ڈے کرکٹ دوسرے نمبر پر ہے ۔ کھیل کے 87 فیصد مداح ٹی ٹونٹی کرکٹ کو اولمپکس میں دیکھنے کے خواہاں ہیں۔

error: Content is protected !!