کرکٹ

مبینہ زیادتی کے الزام میں پاکستانی کرکٹر حیدر علی ضمانت پر رہا، برطانیہ چھوڑنے پر پابندی

مبینہ زیادتی کے الزام میں پاکستانی کرکٹر حیدر علی ضمانت پر رہا، برطانیہ چھوڑنے پر پابندی

مانچسٹر:خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام میں قومی کرکٹر حیدر علی کی گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہائی ہوگئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز حیدر علی کو مانچسٹر میں ایک خاتون سے مبینہ زیادتی کے الزام میں حراست میں لیے جانے کے بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا،

تاہم برطانوی پولیس نے انہیں دو ہفتے بعد دوبارہ تفتیش کے لیے طلب کر لیا ہے۔ اس عرصے کے دوران ان پر برطانیہ چھوڑنے پر پابندی عائد ہے۔

رپورٹ کے مطابق حیدر علی کو تین روز قبل گریٹر مانچسٹر پولیس کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا، یہ واقعہ پاکستان شاہینز کرکٹ ٹیم کے حالیہ دورۂ انگلینڈ کے دوران پیش آیا۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس معاملے پر فوری اقدام کرتے ہوئے حیدر علی کو معطل کر دیا ہے۔

پی سی بی نے محتاط مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے بلے باز مانچسٹر پولیس کے ایک فوجداری مقدمے میں شامل تفتیش ہیں، اور کیس کے حتمی فیصلے تک وہ کرکٹ سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ حیدر علی کو قانونی معاونت فراہم کی جائے گی تاکہ ان کے قانونی اور بنیادی حقوق کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے، اگر حیدر علی کے خلاف الزامات ثابت ہوتے ہیں تو ضابطہ اخلاق کے مطابق کارروائی کی جاسکتی ہے۔

پی سی بی نے واضح کیا کہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ہی کسی ممکنہ انضباطی کارروائی پر غور کیا جائے گا اور اس وقت تک اس کیس سے متعلق مزید کوئی تفصیلات جاری نہیں کی جائیں گی۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!