کرکٹ

ایشیا کپ کرکٹ کا ہائی وولٹیج میچ پاک بھارت ٹاکرا آج ہوگا

ایشیا کپ کرکٹ کا ہائی وولٹیج میچ پاک بھارت ٹاکرا آج ہوگا

ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا مقابلہ آج پاکستان اور بھارت کے درمیان ہوگا۔ کرکٹ کے روایتی حریف دبئی میں گروپ اے کے میچ میں آمنے سامنے آئیں گے۔

یہ گزشتہ 6 ماہ میں دوسرا موقع ہے جب دونوں ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی۔ اس سے قبل وہ چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں مدمقابل آئے تھے۔

دونوں ٹیمیں حالیہ کارکردگی کے اعتبار سے شاندار فارم میں ہیں۔ بھارت نے ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کو مات دے کر سہ ملکی سیریز جیت لی۔

دوسری جانب دبئی پولیس کی پاک بھارت میچ سے قبل شائقین کو وارننگ ;

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے ہائی وولٹیج میچ سے قبل دبئی پولیس نے کرکٹ شائقین کو سخت انتباہ جاری کیا ہے۔ پولیس حکام نے دوٹوک انداز میں کہا کہ اسٹیڈیم میں تشدد، بدزبانی یا نسل پرستی پر مبنی کسی بھی رویے کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

ایونٹس سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین میجر جنرل سیف محیر المزروعی کے مطابق، ایسے افراد کو ایک سے تین ماہ قید اور 10 سے 30 ہزار درہم (پاکستانی کرنسی میں تقریباً ساڑھے سات لاکھ سے 23 لاکھ روپے) جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔

پولیس نے شائقین کو نصیحت کی کہ وہ میچ کے دوران مثبت اور شائستہ رویہ اختیار کریں۔

دبئی پولیس کے مطابق، ضابطے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے گی تاکہ اسٹیڈیم کا ماحول پرامن اور شائقین کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!