کرکٹ

پاک جنوبی افریقہ دوسرا ٹیسٹ ; راولپنڈی میں ٹریفک پلان جاری

پاک جنوبی افریقہ دوسرا ٹیسٹ ; راولپنڈی میں ٹریفک پلان جاری

سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ہونے والے ٹیسٹ میچ کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے جامع ٹریفک پلان جاری کر دیا ہے۔ یہ ٹیسٹ میچ 20 سے 24 اکتوبر تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

سٹی ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) فرحان اسلم کے مطابق، اسٹیڈیم کے گرد و نواح میں ٹریفک نظام کو مؤثر رکھنے کے لیے 367 سے زائد ٹریفک وارڈنز اور افسران کی تعیناتی عمل میں لائی جائے گی۔

اس مقصد کے لیے خصوصی ڈائیورژن پلان بھی تشکیل دیا گیا ہے، جس کے تحت مختلف اہم چوراہوں اور مقامات پر اضافی اہلکار موجود ہوں گے تاکہ شہریوں کو بروقت رہنمائی فراہم کی جا سکے۔

اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد کے مقام سے اسلام آباد ایکسپریس وے کی طرف موڑا جائے گا، جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والے افراد کو چھٹی روڈ کے ذریعے سیدپور روڈ کی طرف منتقل کیا جائے گا۔

سی ٹی او نے مزید بتایا کہ میچ کے دوران اسٹیڈیم روڈ، نائنتھ ایونیو چوک سے لے کر ڈبل روڈ تک، عام ٹریفک کے لیے بند رہے گی۔ شہریوں کی سہولت کے لیے آئی جے پی روڈ اور فیض آباد کو متبادل راستوں کے طور پر استعمال کیا جا سکے گا۔

شائقین کرکٹ کے لیے پارکنگ کی سہولت شہباز شریف پارک، سول ایوی ایشن گراؤنڈ، اور گورنمنٹ گریجویٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن میں فراہم کی گئی ہے، جہاں سے شٹل سروس کے ذریعے انہیں اسٹیڈیم تک پہنچایا جائے گا۔

عوام کو ٹریفک سے متعلق تازہ ترین معلومات سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور ریڈیو چینلز کے ذریعے فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ باخبر رہیں اور کسی پریشانی سے بچ سکیں۔

Related Articles

Back to top button
error: Content is protected !!