پاکستان کی عالمی فٹبال حکمرانی میں واپسی،سیدہ آمنہ بتول فیفا ریفارمز کمیٹی میں شامل
رپورٹ ; نواز گوہر

پاکستان کی عالمی فٹبال حکمرانی میں واپسی،
ایم این اے سیدہ آمنہ بٹول فیفا ریفارمز کمیٹی میں شامل

پاکستان کے لیے کھیلوں اور سفارتی سطح پر ایک تاریخی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں رکن قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بٹول کو فیفا کی بااثر انسٹی ٹیوشنل ریفارمز کمیٹی کا رکن مقرر کر دیا گیا ہے۔
وہ اس وقت فیفا کی کسی بھی کمیٹی میں شامل واحد پاکستانی نمائندہ ہیں۔ قطر میں منعقدہ کمیٹی کے پلینری سیشن اور متعلقہ اجلاسوں میں ان کی شرکت، پاکستان کی ادارہ جاتی ساکھ پر عالمی فٹبال ادارے کے اعتماد کا واضح اظہار ہے۔
یہ تقرری پاکستان فٹبال کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے، جو شفاف، خودمختار اور میرٹ پر مبنی نظام کے حوالے سے پاکستان کی اصلاحاتی سمت پر فیفا کے اعتماد کی عکاس ہے۔ اس پیش رفت سے برسوں کی انتظامی بے یقینی اور عالمی تنہائی کے بعد پاکستان کی عالمی فٹبال فیصلہ سازی میں مؤثر واپسی کا عندیہ بھی ملتا ہے۔
یہ کامیابی وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی مسلسل سیاسی سرپرستی کا نتیجہ ہے، جس نے فٹبال کی بحالی کو اسپورٹس ڈپلومیسی کا اہم حصہ بنایا ہے۔
وزیراعظم کی حالیہ ملاقات اے ایف سی صدر اور فیفا کے سینئر نائب صدر شیخ سلمان بن ابراہیم الخلیفہ سے ہوئی، جس میں آزاد اور خودمختار فٹبال فیڈریشن، گراس روٹس سطح پر ترقی اور بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ فیفا صدر جیانی انفانٹینو بھی پاکستان کی فٹبال اصلاحات کو سراہ چکے ہیں۔
اسی تناظر میں پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گلانی کی گزشتہ چھ ماہ کی کاوشیں بھی نمایاں ہیں، جنہوں نے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر فیڈریشن کو مستحکم کرنے، بحال کرنے اور جدید خطوط پر استوار کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ان اقدامات نے ماضی کی انتظامی رکاوٹوں اور پابندیوں کے بعد عالمی اعتماد کی بحالی میں مدد دی۔فیفا میں سیدہ آمنہ بٹول اصلاحاتی نظام کو مضبوط بنانے اور اس کے مؤثر نفاذ پر کام کریں گی۔



