
بھارتی ایتھلیٹس دو نمبری میں دنیا میں مسلسل تیسری مرتبہ ٹاپ پر
ورلڈ اینٹی ڈوپنگ ایجنسی (واڈا) کی سالانہ رپورٹ کے مطابق بھارتی ایتھلیٹس مسلسل تیسرے سال دنیا میں مثبت ڈوپنگ ٹیسٹس کے لحاظ سے پہلے نمبر پر رہے ہیں، جو عالمی کھیلوں میں بھارت کے لیے ایک تشویشناک رجحان قرار دیا جا رہا ہے۔
واڈا کی جانب سے 2024 میں دنیا بھر میں کیے گئے ڈوپ ٹیسٹس کی تفصیلات جاری کی گئی ہیں،
جن کے مطابق بھارت کی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے مجموعی طور پر 7113 ٹیسٹس کیے، جن میں سے 260 ایتھلیٹس کے نتائج مثبت آئے۔ یہ تعداد کسی بھی ملک کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2024 کی فہرست میں فرانس 91 مثبت ڈوپنگ ٹیسٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ اٹلی 85 کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہا۔
مختلف کھیلوں میں سامنے آنے والے ان کیسز نے عالمی سطح پر اینٹی ڈوپنگ نظام کی مؤثریت اور نگرانی پر بھی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
واڈا کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں 2024 کے دوران 13 مثبت ڈوپنگ ٹیسٹس رپورٹ کیے گئے، جو اگرچہ تعداد میں کم ہیں، تاہم اس پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کہ کھیلوں میں شفافیت اور قواعد کی پاسداری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔



