
ڈائمنڈ پینٹس اور ایف جی پولو 49ویں ایکو اسٹار ابیک کپ میں فائنل کے لیے تیار
لاہور (سپورٹس لنک رپورٹ) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام ایکوسٹار 49 واں ایبک کپ کا فائنل ہفتے کو ڈائمنڈ پینٹس اور ایف جی پولو کے درمیان کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق لاہورپولو کلب میں سیمی فائنل مقابلے دیکھنے کیلئے تماشائیوں اور فیملیز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر کلب کی ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز، سیکرٹری میجر امجد غفور، سپانسرز ڈی ڈبلیو پی ایکو سٹار کے نمائندے اور پولو لورز کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پہلے میچ میں ڈائمنڈ پینٹس نے ایس کیو سی گولڈ کی ٹیم کو 9-5 سے ہراکر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔ ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے لاؤ ابی لینڈا نے چار، میر حذیفہ احمد نے تین،محمد علی ملک اور راجہ جلال ارسلان نے ایک ایک گول سکور کیا۔
ایس کیو سی گولڈ کی طرف سے راجہ سمیع اللہ نے دو، شیراز قریشی، بلال حئی اور احمد علی ٹوانہ نے ایک ایک گول سکور کیا۔ دوسرے میچ میں ایف جی پولو نے زبردست مقابلے کے بعد بی این پولو کو 7-6 سے ہرایا۔
دونوں ٹیمیں پہلے چار چکر میں بھی مدمقابل تھیں اور آج آخری چار چکر کھیلے۔ فائنل سکور 14.5-11 رہا۔
ایف جی کی طرف سے راجہ میکائل سمیع نے پانچ، عبدالرحمان منوں اور مارکوس ریوالا نے ایک ایک گول سکور کیا۔ بی این پولو کی طرف سے حمزہ مواز خان نے پانچ اور ابراہیم خلیل نے ایک گول سکور کیا۔



