پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز برابر کر دی
علی عثمان اور ساجد خان کی شاندار بالنگ،دوسری اننگز میں عبداللہ شفیق 24 اور کپتان بابر اعظم 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرا ٹیسٹ میچ جیت کر سیریز برابر کر دی
75 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 77 رنز بنا کر کامیابی حاصل کی۔پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں عبداللہ شفیق 24 اور کپتان بابر اعظم 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ اذان اویس 18 اور امام الحق 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 344 رنز بنائے تھے۔ جسٹن گریوز 73 اور کپتان روسٹن چیز 70 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے 4 جبکہ علی عثمان، محمد علی اور عبید شاہ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں پاکستان نے عبداللہ شفیق کی شاندار 160 رنز کی ناقابل شکست اننگز اور بابر اعظم کے 88 رنز کی بدولت 387 رنز بنا کر 43 رنز کی برتری حاصل کی، ویسٹ انڈیز کے جومیل واریکن نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔
دوسری اننگز میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستانی اسپنرز کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم 117 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ علی عثمان اور ساجد خان نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد علی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یوں پاکستان کو فتح کے لیے 75 رنز کا ہدف ملا، جو اس نے 23.3 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ شاندار کارکردگی پر عبداللہ شفیق کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔ یہ پاکستان کی 2023 میں سری لنکا کو اس کی سرزمین پر شکست دینے کے بعد بیرونِ ملک پہلی ٹیسٹ فتح بھی ہے، جس نے ٹیم کے اعتماد میں اہم اضافہ کیا ہے۔



