اسپاٹ فکسنگ کیس محمد سمیع سے ابتدائی تحقیقات مکمل , جرح کی گئی ,ٹی ٹین لیگ میں حصہ لینے کی اجازت , کیس میں شامل کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ نہیں ہوا
لاہور (سپورٹس لنک) اسپاٹ فکسنگ کیس میں فاسٹ بولر محمد سمیع سے ابتدائی تحقیقات جمعے کو مکمل کرنے کے بعد انہیں ٹی ٹین لیگ میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔ فاسٹ بولر کو اس کیس میں اپنا موقف دینے کے لئے فوری طور پر طلب کیا تھا وہ ان دنوں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں مصروف تھے، انہیں اس دوران فوری طلب کیا گیا جس کے بعد وہ پاکستان پہنچے اور جمعے کو پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں اینٹی کرپشن ٹریبونل کے سامنے پیش ہوئے جہاں ان سے اس کیس کے حوالے سے جرح کی گئی ۔ جرح کا انہوں نے بھر پور انداز میں سامنا کیا، محمد سمیع کوبرطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کے رکن کے بیان پر طلب کیا گیا جس میں انہوں نے اسپاٹ فکسنگ کے حوالے سے محمد سمیع سمیت دو پاکستانی کرکٹر کے نام لیے تھے۔ پی سی بی ذرائع کا کہنا ہےکہ محمد سمیع کو فی الحال انٹرویو کے لیے طلب کیا گیا تھا جس میں ان کے حوالے سے سامنے آنے والی اطلاعات کے بارے میں جاننے کی کوشش کی گئی۔ محمد سمیع اپنے وکیل کے بغیر ہی ٹریبونل کے سامنے پیش ہوئے ان کے انٹرویو کے بعد پی سی بی انہیں کیس میں شامل کرنے یا نہ کرنے سے متعلق xx1toto حتمی فیصلہ کرے گا، پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل اعظم معلومات کا جائزہ لے کر مزید کارروائی کرنے یا نہ کرنے فیصلہ کریں گے، فی الحال محمد سمیع کو شوکاز نوٹس یا چارج شیٹ جاری نہیں کی گئی ۔ محمد سمیع حالیہ دنوں بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں راج شاہی کنگز سے کھیل رہے ہیں۔