پاکستان سپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس 21دسمبر کو طلب کر لیا گیا

پاکستان کی پہلی سرکاری سپورٹس یونیورسٹی کے قیام ، قومی اتھلیٹس کے کیش ایوارڈ کیلئے پالیسی پر نظر ثانی سمیت دیگر امور زیر غور لائیں جائینگے
پاکستان سپورٹس بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس 21دسمبر کو طلب کر لیا گیا جس میں پاکستان کی پہلی سرکاری سپورٹس یونیورسٹی کے قیام ، قومی اتھلیٹس کے کیش ایوارڈ کیلئے پالیسی پر نظر ثانی سمیت دیگر امور زیر غور لائیں جائینگے ۔ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے صدر ریاض حسین پیر زادہ کی صدارت میں ہونیوالے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ امجد خان ، پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا ، نامور بزنس مین عقیل کریم ڈھیڈی، عارف حبیب ، پاکستان ہاکی فیڈریشن ، ٹیبل ٹینس ، ر یسلنگ، کبڈی ، نیٹ بال ، ویٹ لفٹنگ فیڈریشنز کے نمائندوں سمیت دیگر شخصیات شرکت کریں گی ۔ اجلاس میں پاکستان سپورٹس بورڈ کے انتظامی معاملات کا بھی جائزہ لینے سمیت رواں مالی سال کیلئے پاکستان سپورٹس بورڈ کیلئے مختص 997م لین روپے کی گرانٹ کے اخراجات کی بھی منظوری دی جائے گی ۔ اجلاس میں قومی اتھلیٹس کو کیش ایوارڈ کو بہتر بنانے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا جائیگا جبکہ پہلی سپورٹس یونیورسٹی کے قیام کے حوالے سے ایگزیکتو کمیٹی کے شرکا کو بریفنگ دی جائے گی ۔ اس ضمن میں رابطہ کرنے پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا اینڈ کوارڈنیشن محمد اعظم ڈار کے تصدیق کی کہ پی ایس بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کا 83واں اجلاس پاکستان سپورٹس کمپلیکس اسلام آباد میں 21دسمبر کو ہو گا جس کی صدارت وفاقی وزیر ریاض حسین پیر زادہ کرینگے جبکہ ایگزیکٹو کمیٹی کے ارکان کو اجلاس میں شرکت کیلئے بھی آگاہ کر دیا گیا ہے ۔

تعارف: zohaib waqar