ایک روزہ کرکٹ میں تین ڈبل سنچریاں،روہت پہلے کھلاڑی بن گئے

بھارتی اوپپنگ بلے باز روہت شرما، سری لنکا کیخلاف 208 رنز اسکور کر کے ایک روزہ کرکٹ میں تین مرتبہ ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔

روہت شرما نے چندی گڑھ میں سری لنکا کے خلاف سیریز کے دوسرے ایک روزہ میچ میں 12 چھکوں اور 13 چوکوں کی مدد سے یہ کارنامہ انجام دیا۔

ایک روز کرکٹ میں سب بڑی اننگز کھیلنے کا ریکارڈ بھی روہت شرما کے پاس ہے، انہوں نے 13 نومبر 2014 کو کولکتہ میں سری لنکا ہی کے خلاف 173 گیندوں پر 264 رنز کی اننگز کھیل کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

اس سے قبل روہت شرما نے 2 نومبر 2013 کو بنگلور میں آسٹریلیا کے خلاف 209 رنز کی اننگز کھیل کر پہلی مرتبہ اس فارمیٹ میں ڈبل سینچری اسکور کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

روہت کے علاوہ ون ڈے کرکٹ میں ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، نیوزی لینڈ کے مارٹن گپٹل، بھارت کے وریندر سہواگ اور عظیم بلے باز سچن ٹنڈولکر بھی ڈبل سنچری اسکور کر چکے ہیں۔

سچن ٹنڈولکر نے 24 فروری 2010 کو آسٹریلیا کے خلاف پاکستان کے سعید انور اور زمبابوے کے چارلس کونٹری کے 194 رنز کے مشترکہ ریکارڈ کو توڑتے ہوئے پہلی مرتبہ ون ڈے کرکٹ میں پہلی مرتبہ ڈبل سینچری اسکور کرنے کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

یہ ریکارڈ زیادہ عرصے قائم نہیں رہے سکا اور ایک سال بعد ہی جارح مزاج بھارتی بلے باز وریندر سہواگ نے 8 دسمبر 2011 کو اندور میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 219 رنز کی اننگز کھیل کر ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔

تاہم 13 نومبر 2014 کو روہت شرما نے سری لنکا کے خلاف 264 رنز کی ون ڈے کی سب سے بڑی اننگز کھیل کر ریکارڈ اپنے نام کر لیا تھا۔

خیال رہے کہ ورلڈ کپ 2015 میں ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج بیٹسمین کرس گیل نے کینبرا کے مقام پر زمبابوے کے خلاف 16 چھکوں اور 14 چوکوں کی مدد سے 213 رنز اسکور کر کے کسی بھی بھارتی بلے باز کے بعد پہلی مرتبہ ڈبل سنچری اسکور کرنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

یہ بھارتی بلے باز کے بعد کسی بھی کھلاڑی کی پہلی ڈبل سنچری تھی جبکہ ورلڈ کپ کی تاریخ کی بھی پہلی ڈبل سنچری اور سب سے بڑی انفرادی اننگز تھی۔

اس ہی ٹورنامنٹ میں نیوزی لینڈ کے اوپننگ بلے باز مارٹن گپٹل نے 21 مارچ 2015 کو ویلنگٹن کے مقام پر ویسٹ انڈیز کے خلاف ناقابلِ شکست 237 رنز کی اننگز کھیل ورلڈ کپ کی تاریخ کی سب سے بڑی اننگز کا ریکارڈ قائم کیا۔

تعارف: newseditor