شارجہ: ٹی 10 لیگ کے دوسرے سیمی فائنل میں شاہد آفریدی کی ٹیم پختونز کو شکست دے کر پنجابی لیجنڈز فائنل میں پہنچ گئی، شعیب ملک اور لک رونچی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹی 10 لیگ کے دوسرے سیمی فائنل میں مصباح الحق کی پنجاب لیجنڈز اور شاہد آفریدی کی پختونز مد مقابل تھیں۔ پنجابی لیجنڈز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پختونز کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، شعیب ملک نے ناقابل شکست 48 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ لک رونچی نے شاندار نصف سنچری کی۔
قبل ازیں پختونز نے پہلے اوور میں صرف 2 رنز بنائے تاہم اوپنز احمد شہزاد اور تمیم اقبال نے اگلے ہی اوور سے جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، چوتھے اوور کی دوسری بال پر تمیم اقبال 17 کے انفرادی جبکہ 58 کے مجموعی اسکور پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
احمد شہزاد نے اپنی ففٹی مکمل کی اور وہ کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹے، نئے آنے والے بیٹسمین فخرزمان صرف 4 رنز بنا سکے جبکہ شاہد آفریدی 17 گیندوں پر 41 رنز بنائے۔
پختونز کی جانب سے احمد شہزاد نمایاں بلے باز رہے جبکہ پنجاب لیجنڈز کے بھوپارا اور دلوات نے 2 ، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔