بھارت نے آئندہ برس پاکستان میں ہونے والے ‘ایمرجنگ نیشن ایشیا کپ’ کے انعقاد پر اعتراض اٹھادیا تاہم آئی سی سی کا ایونٹ پاکستان کے بجائے کسی اور مقام پر کرانے کا کوئی ارادہ نہیں۔
انتہائی باوثوق ذرائع نے بتایا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) نے ایشین کرکٹ کونسل کے دبئی میں ہونے والے حالیہ اجلاس کے دوران ‘ایمرجنگ نیشن کپ’ کے پاکستان میں انعقاد پر اعتراض اٹھا دیا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل نے 29 اکتوبر کو لاہور میں اجلاس کے دوران 5 ٹیموں پر مشتمل ایشین ایمرجنگ نیشن کپ آئندہ برس پاکستان میں انعقاد کا فیصلہ کیا تھا جب کہ اجلاس میں بھارت کی جانب سے کوئی نمائندہ شریک نہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے سوال اٹھایا کہ وینیو کے اعلان سے قبل اسے اعتماد میں نہیں لیا گیا جب کہ بھارت بھی ایونٹ میں شرکت کا خواہشمند ہے تاہم موجودہ حالات میں پاکستان ٹیم نہیں بھیجی جاسکتی۔
ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل ایمرجنگ نیشن کپ پاکستان سے کسی اور جگہ منتقل کرنے پر سخت ناراض ہے جب کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی پاکستان سے ایونٹ کی منتقلی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایمرجنگ نیشن کپ کے انعقاد کا معاملہ ایشین کرکٹ کونسل کے آئندہ اجلاس تک ملتوی کردیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے بھارت میں ہونے والے انڈر 19 ایشن کپ میں ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا تھا جس کے بعد ایشین کرکٹ کونسل نے ایونٹ بھارت سے ملائشیا منتقل کردیا تھا۔