پشاور: گراس روٹ اور اسکول لیول پر کرکٹ کے فروغ کے لیے پشاور زلمی فاؤنڈیشن نے زلمی اسکول لیگ کے انعقاد کا اعلان کردیا۔
پشاور زلمی کی ایک پریس ریلیز کے مطابق زلمی اسکول لیگ 26 دسمبر سے شروع ہوگی۔ زلمی اسکول لیگ کے انعقاد کے حوالے سے پشاور میں ایم او یو سائن کرنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
پشاور زلمی فاؤنڈیشن اور ایلمینٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخواہ نے ایم او یو پر دستخط کیے۔
چئیرمین پشاور زلمی جاوید آفریدی نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پشاور زلمی اور زلمی فاؤنڈیشن خیپر پختونخواہ میں گراس روٹ لیول پر کرکٹ کے فروغ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
زلمی ہائیر سو پچز پروجیکٹ کے بعد زلمی اسکول لیگ کا انعقاد صوبے میں اسکول لیول پر موجود ٹیلنٹ کو سامنے لانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
چئیرمین پشاور زلمی نے زلمی اسکول لیگ کے انعقاد میں ہر ممکن تعاون پر خیپر پختونخواہ حکومت، عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔
اعلامیے کے مطابق جاوید آفریدی نے زلمی اسکول لیگ کو آرمی پبلک اسکول کے شہدا کے نام سے منسوب کردیا۔ ایم او یو دستخط کی تقریب میں پشاور زلمی اور ہائیر پاکستان کے ڈائریکٹر جناب شاہ خالد آفریدی، پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز جناب محمد اکرم، وزیر ایلمنٹری اینڈ سیکنڈر ی ایجوکیشن جناب عاطف خان، سیکرٹری خالد خان اور میڈیا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
زلمی اسکول لیگ کا پہلا مرحلہ 26 سے 28 دسمبر تک ہری پور اور پھر فائنل 29 دسمبر کو پشاور میں کھیلا جائے گا۔
لیگ میں پشاور، بنوں، مالا کنڈ اور ہزارہ ریجن کی دو دو ٹیمیں شریک ہوں گی۔ لیگ کا دوسرا مرحلہ پی ایس ایل سے پہلے منعقد ہوگا۔