ٹی ٹونٹی سیریز میں بھی سری لنکا کو شکست

اندور: روہت شرما کی ریکارڈ ساز سنچری کی بدولت بھارت نے سری لنکا کو دوسرے ٹی20 میچ میں با آسانی 88 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

جمعہ کو اندور میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں سری لنکن قائد تھسارا پریرا نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی اور ان کا یہ فیصلہ بہت مہنگا ثابت ہوا۔

روہت شرما اور لوکیش راہل نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو 12.4 اوورز میں 165 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، شرما نے حریف باؤلرز کی خوب خبر لیتے ہوئے 43 گیندوں پر 10 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 118 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی۔

243 کے اسکور پر راہول 89 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ہرڈک پانڈیا 10، مہندرا سنگھ دھونی بنا کر دیگر نمایاں بلے باز رہے۔

بھارت نے مقررہ اوورز میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر 260 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ اسکور بورڈ کی زینت بنایا۔

ہدف کے تعاقب میں 36 کے اسکور پر سری لنکا کو پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب ڈکویلا 25 رنز بنا کر جے دیو انڈکٹ کی گیند کا نشانہ بنے۔

اس موقع پر اپل تھارنگا اور کوشل پریرا نے میدان سنبھالا اور دوسری وکٹ کیلئے 109 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 145 تک پہنچایا، یہ پارٹنرشپ بھارت کیلئے خطرہ بن گئی تھی کہ یہاں پر یزویندر چاہل نے تھارنگا کو آؤٹ کر کے ناصرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، تھارنگا 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

اگلے اوور میں کلدیپ یادیو نے 37 گیندوں پر 7 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی اننگز کھیلنے والے کوشل پریرا اور کپتان تھسارا پریرا کو آؤٹ کر کے آئی لینڈرز کی جیت کی ساری امیدیں ختم کر دیں۔

ان کے آؤٹ ہونے کے بعد آئی لینڈرز کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر تک وکٹ پر نہ ٹھہر سکا اور 17 رنز پر اس کی آخری 7 وکٹیں گریں۔

سری لنکا کی پوری ٹیم 17.2 اوورز میں 172 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی، چاہل نے چار اور کلدیپ یادو نے تین وکٹیں حاصل کیں۔

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی بھارت نے ٹی20 سیریز بھی اپنے نام کرتے ہوئے 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

ریکارڈ ساز سنچری پر روہت شرما میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

تعارف: newseditor