سوئی نادرن چوتھی بار قائد اعظم ٹرافی جیتنے میں کامیاب

سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے محمد حفیظ کی قیادت میں دفاعی چیمپئن واپڈا کو شکست دے کر چوتھی بار قائد اعظم ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں سوئی ناردرن نے واپڈا کو 103 رنز سے شکست دی۔ پانچ روزہ میچ کے آخری دن سوئی ناردرن کو جیت کے لیے صرف 3 وکٹیں درکار تھیں۔

قائد اعظم ٹرافی کی فاتح اور رنر اپ ٹیم کے کھلاڑیوں کا ٹرافی کے ہمراہ گروپ — فوٹو : پی سی بی

سوئی ناردرن کے بولرز نے انتہائی اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے واپڈا کے آخری تین کھلاڑیوں کو ابتدائی 50 منٹوں میں ہی پویلین واپس بھیج دیا۔

واپڈا کے آخری تین بیٹسمین پانچویں روز صرف 11 اوورز ہی وکٹ پر ٹھہر سکے، سوئی ناردرن کی جانب سے سمیع اللہ نیازی نے مزید تین شکار کیے اور میچ میں مجموعی طور پر 129 رنز کے عوض 11 وکٹیں حاصل کیں۔

فائنل میں سوئی ناردرن نے واپڈا کو 103 رنز سے شکست دے — فوٹو : پی سی بی

پانچویں روز واپڈا نے 108 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو سمیع اللہ نیازی نے پہلے ہی اوور کی تیسری گیند پر خوشدل شاہ کی وکٹ لے کر فتح کو یقینی بنادیا۔

10 ویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے وہاب ریاض نے کچھ دیر مزاحمت کی اور 30 گیندوں پر 24 رنز بناڈالے لیکن وہ بھی سمیع اللہ نیازی کا شکار ہوگئے۔

سمیع اللہ نے اپنے اگلے اوور میں سوئی ناردرن کی جیت میں آخری رکاوٹ وقاص مقصود کو بھی ٹھکانے لگادیا جبکہ خالد عثمان 34 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

سمیع اللہ نیازی کو بہترین کارکردگی دکھانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل سوئی ناردرن کی ٹیم 2008، 2014 اور 2015 میں بھی قائد اعظم ٹرافی اپنے نام کرچکی ہے۔

فاتح ٹیم کو ٹرافی اور 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی گئی جس کے بعد فاتح کپتان محمد حفیظ نے جیو سے گفتگو میں کہا کہ ٹیم کی کامیابی تمام کھلاڑیوں کی مشترکہ محنت کا نتیجہ ہے۔

فاسٹ بولر سمیع اللہ نیازی کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا — فوٹو : پی سی بی

رنر اپ ٹیم واپڈا کے کپتان سلمان بٹ نے فائنل جیتنے کا موقع ضائع ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوئی ناردرن کو شاندار کھیل پیش کرنے پر مبارکباد دی۔

رنر اپ ٹیم کے کپتان سلمان بٹ نے شاندار کارکردگی پر سوئی ناردرن کو مبارکباد دی — فوٹو : پی سی بی

تعارف: newseditor