ہاکی ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان

لاہور:پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ہاکی ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا، مہمان کھلاڑی چار روز تک پاکستان میں رہیں گے ۔ پہلا میچ انیس جنوری کو کراچی جبکہ دوسرا میچ اکیس جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا،پی ایچ ایف کے صدر بریگیڈیئر (ر)خالد سجاد کھوکھر نے سیکرٹری شہباز سینئرکے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ورلڈ الیون اٹھارہ جنوری کو کراچی پہنچے گی جس میں ہالینڈ، سپین، ارجنٹائن، آسٹریلیا، بلجیم ، ملائیشیا اور جنوبی کوریا کے کھلاڑی شامل ہیں جبکہ ورلڈ ریکارڈ ہولڈرسابق پاکستانی سٹار سہیل عباس بھی ورلڈ الیون کی نمائندگی کریں گے ۔ خالد سجاد کھوکھر کا کہنا تھاکہ فیڈریشن پر لگائے جانے والے کرپشن اور بے ضابطگیوں کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں، ہم پہلے ہی حکومت سے فنڈز کا آڈٹ کرنے کی درخواست کرچکے ہیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے ۔انہوں نے کہا ورلڈ الیون کے خلاف دو میچوں کی سیریز کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتیں سکیورٹی کلیئرنس دے چکی ہیں جبکہ میچز دیکھنے کیلئے وزیر اعظم اور آرمی چیف کو بھی دعوت دی جائے گی،ایونٹ کے دوران ریٹائرڈ ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو ہال آف فیم ایوارڈ ز سے بھی نوازا جائے گا۔

تعارف: newseditor