لاہور:قومی کرکٹ ٹیم وکٹ کیپر سرفراز احمد کی قیاد ت میں بلند عزائم کے ساتھ نیوزی لینڈ روانہ ہوگئی۔ نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی جیتنے کے بعد قوم کی امیدیں بہت بڑھ چکی ہیں اور شائقین کے اس مان کا خیال رکھنا اب کھلاڑیوں کا فرض ہے ۔فاسٹ باؤلر محمد عامر سمیت دیگر کھلاڑی پر عزم ہیں کہ وہ کیوی سرزمین پر اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر کے قوم کو نئے سال کا تحفہ دیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز قومی کھلاڑیوں نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پی سی بی سربراہ نجم سیٹھی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر ٹیم منیجر طلعت علی، باؤلنگ کوچ اظہر محمود ، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور سمیت دیگر بورڈ آفیشلز موجود تھے ۔ دورہ نیوزی لینڈ پر روانگی سے قبل گرین شرٹس کے اعزاز میں عصرانہ میں چیئرمین بورڈ نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں سے قوم کو کافی توقعات وابستہ ہیں جس نے گزشتہ دنوں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں اچھے کھیل سے سب کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے ۔ سخت کنڈیشنز اور مختلف وکٹوں کے باعث دورہ نیوزی لینڈ کی بہت زیادہ اہمیت ہے تاہم مثبت نتائج کیلئے کھلاڑیوں کو امید کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے ۔ انہوں نے گرین شرٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ کیویز کیخلاف میچوں میں اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کرنے کی کوشش کریں جس سے انہیں سیریز میں مطلوبہ مقاصد حاصل ہو جائیں گے ۔ نجم سیٹھی کے مطابق دوہزار سترہ میں گرین شرٹس نے دنیا کی مختلف ٹیموں کے خلاف میچوں میں جس طرح پرفارمنس کا مظاہرہ کیا وہ قابل تعریف ہے اور توقع کی جاسکتی ہے کہ آئندہ بھی یہ سلسلہ جاری رکھا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑی میزبان ٹیم کا اضافی دبا ؤقبول کرنے کے بجائے اپنے فطری کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ سینئر ز کے ساتھ نوجوان پلیئرز پر مشتمل متوازن سکواڈ تشکیل دیا گیا ہے جو کسی بھی ٹیم کو ٹف ٹائم دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔اگر کھلاڑیوں نے دبا ؤکے بغیر اپنی صلاحیتوں کا اظہار کیا تو اُمید ہے کہ گرین شرٹس میزبان ٹیم کے خلاف فتح سے ہمکنار ہوں گے ۔انہوں نے تمام کھلاڑیوں کو ہدایت کی کہ وہ دورہ نیوزی لینڈ کے دوران نظم وضبط کا خاص خیال رکھیں اور کسی بھی ایسی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں جس سے ملک و قوم کی بدنامی ہو ۔ واضح رہے کہ کیویز کیخلاف قومی ٹیم پانچ ون ڈے میچز کھیلے گی جس کے بعد ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سیریز ہوں گی۔ گزشتہ روز چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے عصرانہ میں شرکت کے بعد پاکستانی کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی سے علامہ اقبال انٹر نیشنل ایئرپورٹ پہنچے جہاں سے وہ براستہ دبئی نیوزی لینڈ کے دورے کے لئے روانہ ہوئے ۔ لیگ سپنر شاداب خان اور کوچ مکی آرتھر نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کو جوائن کریں گے ۔ آل راؤنڈر شعیب ملک کے ساتھ ان کی اہلیہ ثانیہ مرزا بھی ایئرپورٹ پہنچیں۔ثانیہ مرزا دبئی تک شعیب ملک کے ساتھ شریک سفر رہیں۔