رومن رینز ڈبلیو ڈبلیو ای کے مقبول ترین ریسلرز میں سے ایک ہیں اور دنیا بھر میں ان کے کروڑوں پرستار ہیں، جن کے لیے بری خبر یہ ہے کہ انہیں کمپنی کی جانب سے ریفری سے بدتمیزی پر سزا دی گئی ہے۔
ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پیر کو منعقد ہونے والے شو را میں ریفری کے ساتھ برا سلوک کرنے پر رومن رینز کو پانچ ہزار ڈالرز جرمانے کی سزا دی گئی۔
ڈبلیو ڈبلیو ای کی پالیسی کے مطابق ریسلر کمپنی کے عہدیداران بشمول ریفری پر حملہ نہیں کرسکتے۔
مگر اس شو کے دوران رومن رینز نے اپنے انٹرکانٹی نینٹل چیمپئن شپ کے دفاع کے دوران ریفری کو نشانہ بنایا۔
ریفری کی جانب سے رومن رینز کو حریف ریسلر سموا جوئی پر رنگ سے باہر حملہ کرنے سے روکنے کی کوشش کی گئی تھی، مگر ریسلر نے دھکا دے کر اسے ایک طرف کردیا اور اپنے حریف کو مارتے رہے۔
ایسا کرنے پر میچ ختم کرکے سموا جوئی کو ڈس کوالفیکیشن پر میچ کا فاتح قرار دیا گیا جبکہ رومن رینز اپنا ٹائٹل بچانے میں کامیاب رہے۔
اس واقعے کے بعد ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے رومن رینز کو جرمانے کی سزا سنائی گئی۔
رومن رینز کے مطابق سموا جوئی کی جانب سے ان کے ساتھی ڈین امبروز کو زخمی کرنے پر وہ اس طرح کا حملہ کرنے پر مجبور ہوئے۔ اس سے پہلے بھی 2016 میں رومن رینز کو کمپنی کی جانب سے ویل نیس پالیسی کی خلاف ورزی پر ایک ماہ کے لیے معطل کردیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں انہیں اپنی ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ چیمپئن شپ سے بھی ہاتھ دھونے پڑے تھے۔