ملتان: پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی اسماویہ اقبال 30 دسمبر کو رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے جارہی ہیں۔
گذشتہ روز ملتان میں اسماویہ اقبال کی رسمِ مایوں ہوئی جس میں رشتے داروں اور ساتھی خواتین کرکٹرز نے بھی شرکت کی۔
مایوں کی رسم میں اسماویہ اقبال نے زرد رنگ کے گوٹے والا کرتا، پاجاما زیب تن کیا اور ساتھ میں پھولوں کے گجرے پہنے۔
اسماویہ کا کہنا تھا کہ والدین کی خواہش تھی کہ ان کی شادی کسی کرکٹر سے ہو۔
اسماویہ اقبال کی شادی پاکستان اے کھیلنے والے کرکٹر عبدالرحمان مذمل سے ہو رہی ہے، جن کا تعلق بھی ملتان ہی سے ہے۔
اس موقع پر نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے اسماویہ کا کہنا تھا کہ ‘ان کا ذہن ہمیشہ سے کرکٹ کی طرف ہی مائل رہا ہے لیکن شادی بھی زندگی کا ایک حصہ ہے’۔
اسماویہ کی رسمِ ابٹن میں رشتے داروں کے علاوہ ساتھی کھلاڑیوں کائنات امتیاز اور سدرہ نواز نے بھی شرکت کی۔
اسماویہ 2005ء سے کرکٹ کھیل رہی ہیں اور اب تک 92 انٹرنیشنل میچز میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں۔
2 گولڈ میڈل جیتنے والی اسماویہ ٹی ٹوئنٹی میں ہیٹرک کرنے والی پہلی خاتون کھلاڑی ہونے کا اعزاز بھی رکھتی ہیں۔
شادی کے بعد کرکٹ کو جاری رکھنے کے حوالے سے سوال پر اسماویہ کا کہنا تھا کہ ابھی انہوں نے کرکٹ کو آگے لے کر چلنے کے بارے میں نہیں سوچا لیکن وہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے رابطے میں رہیں گی۔