ملبورن ٹیسٹ کے چوتھے روز کھیل کے اختتام پر آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں دو کٹوں کے نقصان پر 103رنز بنالئے، ڈیوڈ وارنر 40 اور اسمتھ 25 رنزپر ناٹ آؤٹ ہیں۔ انگلینڈ کا پہلی اننگز کا اسکور برابر کرنے کے لئے اسے مزید 61رنز درکار ہیں جبکہ 8وکٹیں ابھی باقی ہیں۔
ملبورن کرکٹ گراؤنڈ پر ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلش ٹیم اسکور میں کسی بھی اضافے بغیر 491 رنز پرآؤٹ ہوگئی اورمیزبان ٹیم کے خلاف 164 رنز کی برتری حاصل کرلی۔اوپنر السٹر کک نے ناقابل شکست 244 رنز بناکر بیٹ کیری کیا ۔
آسٹریلیا نے 164 رنز کے خسارے کے ساتھ دوسری اننگز شروع کی، بین کرافٹ اور ڈیوڈ وارنر نے 51رنز کا آغاز فراہم کیا، بین کرافٹ 27رنز بناکر وارنر کا ساتھ چھوڑ گئے، عثمان خواجہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور صرف 11رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔
نئے آنے والے بیٹسمین اسٹیو اسمتھ نے وارنر کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کی ناقابل شکست شراکت میں 38 رنز بناکر مجموعی اسکور 103رنز تک پہنچادیا۔
بارش کے باعث ٹیسٹ کا چوتھا روزمتاثر ہوا اور آخری سیشن کا کھیل ممکن نہ ہوسکا ، جس پر امپائر نے کھیل ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے دوسری اننگز میں 2 وکٹیں گنواکر 103رنز بنالئے تھے، وارنر 40 اور اسمتھ 25 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے۔