فیفا کی تسلیم شدہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ڈپٹی جنرل سیکریٹری اور وژن پاک کے صدر فہد خان کا کہنا ہے کہ یورا گوئے سے تعلق رکھنے والا انڈر 16 فٹ بال کلب ایتھلیٹیکو پینیرول کلب رواں سال مارچ اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گا جو تین میچز کی سیریز کھیلے گا، یہ میچز ممکنہ طور کراچی اور لاہور میں کھیلے جائیں گے۔
فہد خان نے ایک قومی اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ بلاشبہ پاکستانی شائقین فٹ بال اور کھلاڑیوں کیلئے یہ بڑی خبر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ایتھلیٹیکو کلب پینیرول رواں سال مارچ اپریل میں پاکستان کا دورہ کرے گی جس میں وہ پاک الیون فٹبال کلب کے ساتھ انڈر 16 پاک پینیرول دوستی سیریز کے تین میچز کھیلے گی،اس ضمن میں پاک وژن نے ملک کے اعلیٰ تعلیم یافتہ اور قومی فٹبال ٹیم سے منسلک کوچز پر مشتمل ایک سلیکشن کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس کا اعلان جلد کیا جائے گا۔
فہد خان نے مزید کہا کہ یہ سلیکشن کمیٹی بہت جلد ملکی سطح پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام منعقد کرے گی جس میں نوجوان ٹیلنٹ کو اپنی صلاحیت دیکھانے کا بھرپور موقع دیا جائے گا، یہ پلیٹ فارم ہر رنگ، مذہب اور طبقے کو برابری کی سطح پر اپنی صلاحیتیں دکھانے کا موقع دے گا۔
ایک سوال کے جواب میں فہد خان کا کہنا تھا کہ فٹبال فیڈریشن کے صدر سید فیصل صالح حیات جن کو فیفا کی حمایت حاصل ہے، انہوں نے گزشتہ کئی سالوں میں عالمی سطح پر بطور نمائندہ پاکستان فٹبال کے کئی ممالک سے دیرینہ تعلقات قائم کئے جن میں یوراگوئے بھی شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور ڈپٹی جنرل سیکرٹری مجھے مختلف ملکوں اور کلبز کے ساتھ تعلقات فروغ دینے کا کام سونپا گیا میں نے اپنا کام بھرپور طریقے سے انجام دیتے ہوئے غیرملکی ٹیموں کو پاکستان لانے پر بھرپور کام کیا، پہلے مرحلے میں یوراگوئے اور پھر انشاء اللہ یہ سلسلہ جاری رہے گا اور دنیا کی کئی اور ٹیمیں پاکستان میں مختلف ایج کیٹگریز میں مقابلہ کرتی نظر ائیں گی۔
یورا گوئے کی ٹیم کی پاکستان آمد پر حکومتی رویہ کے متعلق فہد خان کا کہنا تھاکہ حکومت نے فٹبال کی تباہی میں اہم کردار ادا کیا ہے لیکن اب وقت ہے کہ وہ فٹ بال میں نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔