ایک ہی جست میں کئی عالمی ریکارڈ

ویلنگٹن: نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ٹی20 میچ میں 119 رنز سے شکست دے کر سیریز جیتنے کے ساتھ ساتھ متعدد ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے سیریز تیسرے اور آخری ٹی ٹونٹی میچ میں کیویز کھلاڑیوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باؤلرز کی خوب خبر لی اور نیوزی لینڈ کے ابتدائی 7 کھلاڑیوں نے اننگز میں چھکے لگا کر ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں منفرد ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

کولن منرو اور مارٹن گپٹل کے بعد پانچ دیگر بلے بازوں نے بھی اننگز میں کم از کم ایک چھکا لگایا اور یہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلا موقع ہے کہ کسی ٹیم کے ابتدائی سات کھلاڑیوں نے اننگز میں کم از کم ایک چھکا لگایا ہو۔

منرو نے 10، گپٹل نے 2 جبکہ ٹام بروس، کچن، کین ولیمسن، فلپس اور سینٹنر نے ایک، ایک چھکا لگایا۔

اس سے قبل دو مرتبہ ٹی ٹونٹی اننگز میں ایک ٹیم کے ٹاپ چھ کھلاڑیوں نے چھکے لگانے کا اعزاز حاصل کر رکھا تھا، افغانستان کے ٹاپ چھ کھلاڑیوں نے متحدہ عرب امارات جبکہ انگلینڈ کے ٹاپ چھ کھلاڑیوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف کارنامہ انجام دے رکھا تھا۔

نیوزی لینڈ نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں رنز کے اعتبار سے بڑی فتح اور اننگز میں بڑے مجموعے کا نیا ملکی ریکارڈ قائم کر دیا۔

اوپنرز کولن منرو اور مارٹن گپٹل نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف باؤلرز کی خوب درگت بنائی اور کیویز نے 5 وکٹوں پر 243 رنز بنا کر بڑا مجموعہ ترتیب دے کر نیا ملکی ریکارڈ اپنے نام کیا، اس سے قبل ٹی20 میں نیوزی لینڈ کا سب سے بڑا اسکور 214 رنز تھا جو اس نے 2010 میں آسٹریلیا کے خلاف بنایا تھا۔

نیوزی لینڈ نے کالی آندھی کو 119 رنز سے شکست دے کر رنز کے اعتبار سے بڑی فتح کا نیا ملکی ریکارڈ بھی قائم کر دیا، اس سے قبل ٹی20 میں نیوزی لینڈ نے سب سے بڑی فتح پاکستان کے خلاف حاصل کی تھی جب اس نے گرین شرٹس کو 95 رنز سے شکست دی تھی۔

میچ کے دوران کولن منرو 104 رنز کی اننگز کھیل کر ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں تین سنچریاں بنانے والے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے۔

منرو سے قبل سابق ہم وطن بلے باز برینڈن میک کولم، کرس گیل، ایون لوئس اور روہت شرما ٹی20 کرکٹ میں دو سنچریاں بنا چکے ہیں لیکن منرو تین سنچریاں بنانے والے پہلے بیٹسمین ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے نیوزی لینڈ کی طرف سے تیز ترین سنچری بنانے کا برینڈن میک کولم کا 8 سالہ پرانا ریکارڈ بھی توڑ دیا، میک کولم نے 2010 میں آسٹریلیا کے خلاف میچ میں 50 گیندوں پر تیز ترین سنچری بنا کر ملکی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا جبکہ منرو نے 47 گیندوں پر سنچری بنا کر یہ سنگ میل عبور کیا۔

آخری ٹی20 میں 10 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 104 رنز بنانے والے منرو نے سیریز میں مجموعی طور پر 223 رنز بنا کر کسی بھی دوطرفہ سیریز میں سب سے زیادہ رنز کا عالمی ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا، اس سے قبل ٹی20 سیریز میں سب سے زیادہ رنز کا ریکارڈ زمبابوے کے ہملٹن مساکاڈزا کے پاس تھا جنہوں نے 222 رنز بنائے تھے۔

تعارف: newseditor