بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلی

اسلام آباد: پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل(پی بی سی سی) نے پانچویں عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ کیلئے بھارتی وزارت خارجہ کی طرف سے اپنی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی کلیئرنس نہ دینے پر ورلڈ کپ کے شیڈول میں تبدیلی کر دی ہے۔

بدھ کو پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق بھارتی ٹیم نے شیڈول کے مطابق 6جنوری کو پاکستان کے دورہ پر آنا تھا جس کیلئے پنجاب حکومت نے تمام ٹیموں کیلئے فول پروف سیکیورٹی کا انتظام بھی کیا تھا تاہم بھارتی حکومت کی جانب سے اپنی کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کی کلیئرنس نہ دینے پر شیڈول میں ردوبدل کر دیا گیا ہے۔

نئے شیڈول کے مطابق اب پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کی جگہ 8جنوری کو پاکستان اوربنگلہ دیش کے مابین افتتاحی میچ قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلاجائے گا۔

پاکستان اوربھارت 12 جنوری کو متحدہ عرب امارات کی ریاست عجمان کے اول کرکٹ گراونڈ پرمدمقابل ہوں گے۔

ایونٹ کافائنل 21 جنوری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا اور بھارت کے فائنل میں پہنچنے کی صورت میں اگر اسے پاکستان آنے کا این اوسی نہ ملا تو اس صورتحال میں فائنل 19 جنوری کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔

عالمی بلائنڈ کرکٹ کپ میں سات ممالک کی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں جس میں میزبان پاکستان، بھارت، نیپال اور بنگلہ دیش، آسٹریلیا اور سری لنکا کی ٹیمیں شامل ہیں۔

پاکستان، نیپال اور بنگلہ دیش اپنے، اپنے افتتاحی میچز پاکستان میں کھیلیں گے جبکہ آسٹریلیا، سری لنکا، بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں اپنے تمام میچز متحدہ عرب امارات میں کھیلیں گے ۔

تعارف: newseditor