نیشنل ون ڈے کپ،کامران اکمل کی ڈبل سنچری

نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ میں وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے دھواں دار ڈبل سنچری بناکر ناقدین کو خاموش کرادیا۔

حیدرآباد کے نیاز اسٹیڈیم میں نیشنل ون ڈے ٹورنامنٹ کے ایچ بی ایل کے خلاف میچ میں واپڈا کی نمائندگی کرتے ہوئے کامران اکمل نے محض 147 گیندوں کو 200 رنز اسکور کیے جو پاکستانی کرکٹر کی جانب سے دوسری تیز ترین ڈبل سنچری ہے۔

وہ فرسٹ کلاس میچ میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پاکستان کے تیسرے بیٹسمین بن گئے ہیں، اس سے قبل محمد علی اور خالد لطیف بھی فرسٹ کلاس ون ڈے میچ میں ڈبل سنچری اسکور کرچکے ہیں۔

کامران اکمل نے اپنی شاندار اننگز کے دوران 4 چھکے اور 24 چوکے لگائے۔ کامران اکمل کی ڈبل سنچری کی بدولت واپڈا نے ایچ بی ایل کی جانب سے دیا گیا 315 رنز کا ہدف 47 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

کامران اکمل فرسٹ کلاس میچ میں تیز ترین ڈبل سنچری اسکور کرنے والے دوسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں جبکہ عالمی سطح پر کامران اکمل کی یہ ڈبل سنچری سچن ٹنڈولکر کے ساتھ مشترکہ 11 ویں تیز ترین ڈبل سنچری ہے۔

خیال رہے کہ کامران اکمل ان دنوں بھرپور فارم میں ہیں تاہم اس کے باوجود وہ قومی کرکٹ اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام ہیں۔

اس سے قبل ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھی کامران اکمل 432 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے تھے اور اس ٹورنامنٹ میں انہوں نے 150 رنز کی اننگز بھی کھیلی تھی۔

 

تعارف: newseditor