سڈنی: کرکٹ آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف پانچ ون ڈے میچوں کی سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے جارح مزاج آل راؤنڈر گلین میکسویل کو ٹیم سے ڈراپ کر دیا ہے۔
میکسویل گزشتہ 20 میچوں سے مستقل ناقص فارم کا شکار تھے اور مستقل مزاجی سے رنز نہ کرنے کے سبب آسٹریلین کرکٹ حکام نے انہیں ون ڈے اسکواڈ سے ڈراپ کرنے کا فیصلہ کیا۔
مکسویل کی جگہ ٹی20 اسپیشلسٹ کرس لن سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے اور انہیں ون ڈے ٹیم کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
انگلینڈ کے خلاف رواں ایشز سیریز میں عمدہ پرفارمنس کی بدولت وکٹ کیپر بلے باز ٹم پین کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا، انہوں نے ٹیسٹ سیریز کے بعد ون ڈے سیریز میں بھی میتھیو ویڈ کی چھٹی کرا دی ہے۔
پین کی 7 برس بعد کینگروز ون ڈے سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، انہوں نے آخری بار 2011 میں بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے میچ میں ملک کی نمائندگی کی تھی۔
اعلان کردہ اسکواڈ کپتان اسٹیون اسمتھ، ڈیوڈ وارنر، پیٹ کمنز، ایرون فنچ، جوش ہیزل وُڈ، ٹریوس ہیڈ، کرس لِن، مچل مارش، ٹم پین، جے رچرڈسن، مچل اسٹارک، مارکس اسٹوئنس، اینڈریو ٹائی اور ایڈم زمپا پر مشتمل ہے۔